کروبا وبا کے دور میں آن لائن یعنی زوم پر شادی کرنے کی نئی روایت نے جنم لیا تھا لیکن کیا آپ نے ڈیجیٹل شادی کے بارے میں سنا ہے؟ جہاں دولہا دلہن اور مہمان ایک ایسی تقریب کا حصہ ہوں گے جسے صرف دیکھا اور محسوس کیا جا سکتا ہے۔
بھارت کی ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والا ایک جوڑا میٹاورس ایونٹ کے ذریعے اپنے ولیمے کی تقریب کا انعقاد کر رہا ہے۔
بھارتی اخبار 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق دنیش ایس پی اور ان کی منگیتر چھ فروری 2022 کو ایک ورچوئل ایونٹ کے ذریعے استقبالیہ دیں گے۔
جوڑے نے اپنے اس ایونٹ کے لیے ہیری پوٹر کے جادوئی 'ہوگورٹس قلعے' کی تھیم کا انتخاب کیا ہے۔
اس تقریب میں جوڑے کے دوست اور عزیز و اقارب ایک میٹاورس ایونٹ میں ایک دوسرے سے مل سکیں گے۔
میٹاورس دراصل ورچوئل ماحول ہے، جس کا تجربہ مختلف ڈیوائسز کو استعمال کر کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
یہ ایک ایسا تجربہ ہے جو صارفین کو ورچوئل (ڈیجیٹل) چیزوں کو حقیقت سے قریب تر دکھانے کے ساتھ انہیں محسوس بھی کرواتا ہے۔
دنیش نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ بھارت کی پہلی 'میٹاورس' شادی کرنے والے ہیں۔
'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق دنیش کا کہنا ہے کہ ان کی منگیتر کے مرحوم والد بھی اس تقریب کا حصہ ہوں گے جو گزشتہ برس اپریل میں انتقال کر گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ منگیتر کے مرحوم والد کا بھی تھری ڈی ورچوئل ایواٹار (ڈیجیٹل کردار) بنایا گیا ہے جو اس تقریب میں دیگر مہمانوں کی طرح ورچوئل شرکت کر سکیں گے۔
بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق تقریب میں شرکت کرنے کے لیے مہمانوں کو لاگ ان کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی جس کے بعد وہ اس ایونٹ میں شرکت کر سکیں گے۔
ایک گھنٹے کی اس میٹاورس تقریب میں مہمان جوڑے کو تحفے اور تحائف بھی دے سکیں گے۔
دنیش کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شادی پر میٹاورس کے ذریعے ہی تحفے قبول کریں گے جب کہ مہمان اپنے تحائف، گفٹ واؤچرز، گوگل پے اور کرپٹو کے ذریعے بھی دے سکتے ہیں۔