رسائی کے لنکس

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا پاکستانی پرستار کو یادگار تحفہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں لیکن ایک مداح ایسی بھی ہیں جنہیں ٹیلر نے یادگار تحفہ دیا ہے۔

کینیڈا کے صوبے انٹاریو میں اپنے والدین کے ساتھ رہنے والی پاکستانی طالبہ عائشہ خرم تعلیمی اخراجات کے حوالے سے بہت پریشان تھیں تاہم ان کی سوشل میڈیا پر کی گئی اپیل کے جواب میں اُن کی پسندیدہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے عائشہ خرم کی یونیورسٹی فیس انہیں تحفے کے طور پر بھجوا دی۔

دنیا کی مقبول گلوکارہ اور امریکی جریدے فوربز کی امیر شخصیات کی فہرست میں سر فہرست رہنے والی ٹیلر سوئفٹ کو اچھی گلوکارہ ہونے کے ساتھ ایک نیک دل انسان بھی قرار دیا جارہا ہے۔

یونیورسٹی آف واٹر لو میں اکاؤنٹس اور فنانشل مینجمنٹ کی طالبہ عائشہ خرم نے برطانوی نشریاتی ادارے سے انٹرویو میں کہا کہ اُن کی مالی تنگ دستی کے باعث ان کے والدین یونیورسٹی فیس ادا نہیں کرپا رہے تھے اور بہت پریشان تھے کیونکہ فیس بہت زیادہ تھی۔

عائشہ کے بقول انہوں نے پریشانی کے عالم میں دوستوں کے مشورے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں سے مدد مانگی۔

سوشل میڈیا پر اپیل شیئر ہونے کے صرف دو گھنٹے بعد ہی ٹیلر سوئفٹ کا پیغام آگیا جس میں اُنہیں بتایا گیا کہ ٹیلر سوئفٹ نے انہیں چھ ہزار تین سو چھیاسی کینیڈین ڈالر گفٹ کیے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ٹیلر سوئفٹ نے عائشہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھیں۔

عائشہ کا کہنا تھا میں یہ تحفہ ملنے پر بہت جذباتی ہوں، مجھے یقین نہیں آرہا کہ ایسا کچھ ہوگیا۔ ٹیلر سوئفٹ بہت اچھی ہیں، جو میں نے مانگا تھا یہ اس سے بہت زیادہ ہے۔

عائشہ خرم نے ٹیلر سوئفٹ کی جانب سے ملنے والی مدد کو اپنے انسٹا گرام پر بھی شیئر کیا ہے۔

ٹیلر سوئفٹ نے گزشتہ سال ٹورنٹو کا دورہ کیا تھا اور اس دوران ایک کانسرٹ میں ٹیلر سوئفٹ کی ملاقات عائشہ خرم سے ہوئی تھی۔ ٹیلر نے عائشہ خرم کو اپنا سب سے بڑا مداح قرار دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG