رسائی کے لنکس

دیہی اسکولوں کو اساتذہ فراہم کرنے والی تنظیم: ٹیچ فار امریکہ


دیہی اسکولوں کو اساتذہ فراہم کرنے والی تنظیم: ٹیچ فار امریکہ
دیہی اسکولوں کو اساتذہ فراہم کرنے والی تنظیم: ٹیچ فار امریکہ

امریکہ میں حکومت تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے ایک جامع منصوبے پر عمل کو آگے بڑھارہی ہے جس میں تعلیمی ادا روں میں اساتذہ کی کمی دور کرنا اور انہیں مزید تجربہ کار تعلیمی ماہرین فراہم کرنا شامل ہے۔ مگر دیہی علاقوں کے اسکولوں میں اساتذہ کی فراہمی میں کئی دشواریاں حائل ہیں۔دیہی علاقوں میں ٹیچرز کی کمی دور کرنے کی کوششوں میں ٹیچ فار امریکہ نامی ایک تنظیم بھرپور حصہ لے رہی ہے۔ یہ تنظیم نوجوان طالب علموں اور پروفیشنلز کو دیہاتی اور کم آمدنی والے علاقوں میں کا م کرنے کی تربیت فراہم کرتی ہے۔

نتاشا ایلفورڈ ایک انوسٹمنٹ کمپنی کے لیے کام کرتی تھیں، لیکن معاشرے میں کوئی تبدیلی لانے کے لیے استاد بننا چاہتی تھیں۔ مگر چونکہ انہوں نے بچوں کو پڑھانے کی تربیت حاصل نہیں کی تھی ، اس لیے وہ کسی تعلیمی ادارے میں درخواست نہیں دے سکتی تھیں۔ اس موقع پر ٹیچ فار امریکہ نامی تنظیم نے ان کی مددکی۔

نتاشاکہتی ہیں کہ ٹیچ فار امریکہ نے اس کام کے لیے میرے راستے آسان کردیے۔

نتاشا واشنگٹن کے ایک چارٹر سکول میں ادب اور انگریزی کی تعلیم دیتی ہیں۔ چارٹر سکول پرائیویٹ سکول کی طرح ہے، لیکن اسے مقامی حکومت فنڈ کرتی ہے۔ نتاشا اس تنظیم کے تحت کام کرنے والے ان 9 ہزار اساتذہ میں شامل ہیں جو دیہی اور کم آمدنی والے علاقوں میں پڑھاتے ہیں۔

نیٹلی لیوکیٹس کا تعلق ٹیچ فار امریکہ سے ہے ، ان کا کہنا ہے کہ کم آمدنی والے علاقوں میں اکثر بچے تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔ ان کا کہناتھاکہ ٹیچ فار امریکہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ اساتذہ کی کمی کو پورا کررہا ہے۔

نتاشا کا کہنا ہے کہ ان کی کلاس کے اکثر بچے پڑھنے اور لکھنے میں کمزور ہیں۔ اس لیے انہیں پڑھانے کے لئے وہ موسیقی اور وڈیوز کی مدد سے لیتی ہیں۔ اور اشاروں کی زبان سے بھی ۔

نتاشا کاکہنا ہے کہ یہاں اقلیتی آبادی کے بہت سے بچوں کو اسکول جانے کا موقع نہیں ملتا۔ نتاشا نے ہارورڈ یونیوسٹی سے تعلیم پائی ہے ۔ زمانہ طالب علمی وہ ایک بہترین طالب علم تھیں، لیکن ان کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ ان کے اساتذہ اور والدین تھے۔ وہ کہتی ہیں کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھاکہ میں ہارورڈ یونیورسٹی تک پہنچ سکتی ہوں ۔

نتاشا یہی بات اپنے طالب علموں کو بھی کہتی ہیں کہ وہ کالج کی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔

نتاشا کا کہنا ہے کہ ٹیچ فار امریکہ نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا ہے۔وہ تعلیم کے شعبے میں رہنا چاہتی ہیں ، کیونکہ ان کاخیال ہے اس سے ان لیے نئے راستے کھلیں گے ۔

نتاشا ابھی ٹیچنگ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ اوراگلے سال اس تنظیم کے ساتھ اپنی ملازمت ختم ہونے کے بعد بھی طلبا کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG