رسائی کے لنکس

دنیا کا سب سے طویل قامت گھوڑا ’بگ جیک‘ چل بسا


گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے 2010 میں ’بگ جیک‘ کو دنیا کا سب سے طویل قامت گھوڑا قرار دیا تھا۔ فائل فوٹو
گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے 2010 میں ’بگ جیک‘ کو دنیا کا سب سے طویل قامت گھوڑا قرار دیا تھا۔ فائل فوٹو

دنیا کا سب سے طویل قامت گھوڑا چل بسا۔ بیلجیئن نسل کے ’بگ جیک‘ نامی گھوڑے کی عمر 20 برس تھی۔

یہ گھوڑا امریکہ کی ریاست وسکونسن کے علاقے پوئنیٹے میں ’سموکی ہولو فارم‘ میں پلا بڑھا تھا۔ اس فارم کے مالک جیری گلبرٹ کی اہلیہ ویلیشیا گلبرٹ کا کہنا تھا کہ بگ جیک کی موت دو ہفتے قبل ہوئی تھی۔ لیکن انہوں نے اس کی موت کی تاریخ ظاہر کرنے سے انکار کر دیا۔

ویلیشیا کا کہنا تھا کہ ہم بگ جیک کو کسی تاریخ سے یاد نہیں رکھیں گے۔ ہمارے خاندان کے لیے یہ بڑا صدمہ ہے۔

بگ جیک کا قد چھ فٹ 10 انچ اور اس کا وزن 1136 کلو تھا۔ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے 2010 میں اسے دنیا کا سب سے طویل قامت گھوڑا قرار دیا تھا۔

مقامی نیوز چینل ’ڈبلیو ایم ٹی وی‘ سے بات کرتے ہوئے جیری گلبرٹ کا کہنا تھا کہ ان کا گھوڑا ’سپر اسٹار‘ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بگ جیک نبراسکا میں پیدا ہوا تھا اور پیدائش کے وقت اس کا وزن 109 کلو تھا۔ وہ بیلجیئن نسل کے گھوڑے کے بچے کے عمومی پیدائشی وزن سے 45 کلو زیادہ وزنی تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بگ جیک کو یاد رکھنے کے لیے اصطبل میں اس کی جگہ خالی رکھی جائے گی اور اس پر بگ جیک کے نام اور تصویر کا کتبہ بھی لگایا جائے گا۔

جیری گلبرٹ کا کہنا تھا کہ فارم پر خاموشی طاری ہے۔ ان کے بقول، میرے خیال میں دیگر گھوڑوں کو بھی معلوم ہے اور وہ بھی سوگوار ہیں کیوں کہ جیک ان سب میں توجہ کا مرکز تھا۔ اس کے جانے سے بہت بڑا خلا پیدا ہوا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ یہیں ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG