رسائی کے لنکس

ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے پر غور


اولمپکس مقابلوں کے لیے ٹوکیو میں نیا اسٹیدیم تعمیر کیا گیا ہے۔
اولمپکس مقابلوں کے لیے ٹوکیو میں نیا اسٹیدیم تعمیر کیا گیا ہے۔

جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اگر 2020 ٹوکیو سمر اولمپک گیمز مکمل طور پر منعقد کرنا ممکن نہ ہوا تو انہیں ملتوی کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم ایبے نے یہ اعتراف پیر کے روز ایک پارلیمانی اجلاس کے دوران کیا۔ لیکن انہوں نے 24 جولائی سے 9 اگست تک طے شدہ گیمز کی مکمل منسوخی کو خارج از امکان قرار دے دیا۔

ایبے کا یہ بیان انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے اس اعلان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے کہ وہ اگلے چند ہفتوں میں صورت حال کا جائزہ لے گی اور اس بارے میں صلاح مشورے کرے گی کہ آئندہ کیا اقدام کرنے ہوں گے، جن میں اولمپکس کو چند ہفتوں بلکہ ایک سال تک کے لیے ملتوی کرنے کے اقدام شامل ہوں گے۔

تاہم انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی یا آئی او سی کھیلوں کے مقابلوں کو یکسر منسوخ کرنے کے امکان کو زیر غور لانے سے بھی انکار کر رہی ہے۔

ٹوکیو اولمپکس پروگرام کے مطابق منعقد کرانے کے آئی او سی کے فیصلے پر سختی سے قائم رہنے کی بنا پر کچھ ممتاز اولمپک کھلاڑیوں نے شدید تنقید کی ہے۔ یہ دباؤ اتوار کے روز اس وقت بڑھ گیا جب کینیڈا کی اولمپک کمیٹی نے اعلان کیا کہ وہ اپنے کھلاڑی ٹوکیو نہیں بھیجے گی۔

اتوار کے روز جاپان نے ملک میں کرونا کے مزید 1700 کیسز کی تصدیق کی، جن میں گزشتہ ماہ ٹوکیو کے قریب قرنطینہ کر دیے جانے والے ایک تفریحی بحری جہاز کے 700 مریض اور 30 سے زیادہ اموات شامل ہیں۔

کویڈ-19 کے تیز پھیلاؤ نے دنیا بھر کی اولمپک تنظیموں کو ٹوکیو گیمز کے لئے اپنے طے شدہ ایوینٹس ملتوی یا منسوخ کرنے پر مجبور کر دیا ہے کیوںکہ اس سے کھلاڑیوں کے تربیتی اور تیاری کے طے شدہ پروگرام متاثر ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG