رسائی کے لنکس

امریکی ریاست ٹینیسی میں طوفان سے 25 افراد ہلاک


امریکی ریاست ٹینیسی میں تیز ہواؤں کا طوفان آنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے جب کہ درجنوں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ایک بگولے نے ریاست کے صدر مقام نیش ول کو اپنی لپیٹ میں لیا، جس سے اس کا حشر نشر ہو گیا۔

پولیس اور امدادی اداروں کے کارکنوں نے طوفان سے متاثر ہونے والی عمارتوں سے لاشیں نکالیں، جبکہ کم از کم 20 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ امدادی اداروں کے 13 افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔

نیش ول میں طوفان سے مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں، درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور بجلی کا نظام تہس نہس ہوگیا۔ کم از کم 48 عمارتیں گر گئیں۔ درخت، کھمبے اور مکانوں کا ملبہ گرنے سے متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

انتظامیہ کے مطابق، 50 ہزار افراد بجلی سے محروم ہیں اور آج اسکول، عدالتیں، سرکاری دفاتر اور ہوائی اڈے کو بند کر دیا گیا ہے۔

ٹینیسی ان ریاستوں میں شامل ہے جہاں آج ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات ہو رہے ہیں۔ خدشہ ہے کہ طوفان کی وجہ سے ٹرن آؤٹ کم رہے گا۔

XS
SM
MD
LG