رسائی کے لنکس

بجٹ مسودہ کانگریس کو موصول، سرحدی دیوار کے لیے رقم مختص


وائٹ ہاؤس کے بجٹ ڈائریکٹر مِک ملوانی نے کہا ہے کہ انہوں نے اس بجٹ کے ذریعے صدر ٹرمپ کی ترجیحات سے متعلق کانگریس اور امریکی قوم کو واضح پیغام دیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے 44 کھرب ڈالر مالیت کا نیا بجٹ منظوری کے لیے کانگریس کو بھیج دیا ہے جس میں میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار کی تعمیر اور دفاعی ضروریات کے لیے اضافی فنڈز رکھے گئے ہیں۔

امریکہ میں سرکاری اخراجات کی منظوری کا اختیار کانگریس کے پاس ہے اور وائٹ ہاؤس کے بعض عہدیداران نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کانگریس ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے تجویز کردہ بجٹ کو من و عن منظور نہیں کرے گی۔

تاہم وائٹ ہاؤس کے بجٹ ڈائریکٹر مِک ملوانی نے کہا ہے کہ انہوں نے اس بجٹ کے ذریعے صدر ٹرمپ کی ترجیحات سے متعلق کانگریس اور امریکی قوم کو واضح پیغام دیا ہے۔

مجوزہ بجٹ دستاویز میں اندرونِ ملک جاری کئی اہم فلاحی منصوبوں بشمول صحتِ عامہ کے منصوبوں میڈیکیئر اور میڈیکیڈ اور غریب لوگوں کو خوراک پر دی جانے والی زرِ اعانت کے لیے مختص فنڈز میں بھاری کٹوتیوں کی سفارش کی گئی ہے۔

تاہم ان کٹوتیوں کے باوجود بجٹ میں آمدن اور اخراجات میں توازن قائم نہیں کیا جاسکا ہے کیوں کہ گزشتہ سال منظور کی جانے والی ٹیکس کٹوتیوں کے نتیجے میں آئندہ مالی سال کے دوران امریکی حکومت کی آمدن میں کمی آئے گی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق نئے بجٹ کے نتیجے میں امریکہ کے مجموعی مالی خسارے میں مزید 10 کھرب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔

ڈیموکریٹ ارکانِ کانگریس پہلے ہی صدر ٹرمپ کی بجٹ ترجیحات کو سختی سے مسترد کرچکے ہیں اور ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹ رہنما نینسی پیلوسی نے بجٹ دستاویز کو "وعدہ خلافیوں اور بے رحمانہ کٹوتیوں کا ظالم مجموعہ" قرار دیا ہے۔

بجٹ دستاویز میں حکومت کے بجٹ خسارے میں کمی کی کوئی تجویز شامل نہ ہونے پر خدشہ ہے کہ بعض ایسے ری پبلکن ارکان بھی اس پر برہم ہوں گے جو ماضی میں بجٹ خسارے کی سخت مخالفت کرتے رہے ہیں۔

نیا بجٹ کانگریس میں گزشتہ ہفتے منظور کیے جانے والے اس دو سالہ بجٹ منصوبے کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے جس کے تحت ری پبلکنز او رڈیموکریٹ ارکانِ کانگریس نے متفقہ طور پر امریکہ کے دفاعی اخراجات اور بعض دیگر منصوبوں کے لیے بھاری رقم مختص کرنے کی منظوری دی تھی۔

بجٹ میں 2018ء کے دوران امریکی محکمۂ دفاع 'پینٹاگون' کے لیے ریکارڈ 700 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ امریکہ کے دفاعی اخراجات میں اضافہ صدر ٹرمپ کا ایک اہم انتخابی وعدہ تھا۔

بجٹ دستاویز میں امریکہ کی سرحدوں کی حفاظت اور امیگریشن کا نظام سخت کرنے کے لیے 23 ارب ڈالر رکھے گئے ہیں جن میں سے 18 ارب ڈالر میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار کی تعمیر پر خرچ کیے جائیں گے۔

میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار کی تعمیر بھی صدر ٹرمپ کا ایک اہم انتخابی وعدہ رہا ہے جو ان کے بقول غیر قانونی تارکینِ وطن کی امریکہ آمد روکنے کے لیے ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG