رسائی کے لنکس

وزیر داخلہ سال کے اواخر تک عہدہ چھوڑ دیں گے: ٹرمپ


امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز اس بات کا اعلان کیا کہ اسکینڈل میں ملوث محکمہ داخلہ کے وزیر، رائن زنکی اس سال کے آخر تک اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

ایک ہی دن کے اندر ٹرمپ کی جانب سے اعلیٰ سطحی رخصت سے متعلق یہ دوسرا اعلان ہے۔ تنازع میں الجھے ٹرمپ انتظامیہ سے الگ ہونے والے یہ تازہ اہلکار ہیں۔

ہفتے کی صبح ایک ٹوئیٹ میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ ''رائن نے اپنے عہدے کی کافی میعاد پوری کرلی ہے اور قوم کی خدمت بجا لانے پر میں اُن کا مشکور ہوں''۔

اُنھوں نے کہا کہ زنکی کے متبادل کا آئندہ ہفتے اعلان کیا جائے گا۔

ٹرمپ کے اعلان میں اس بات کا اشارہ نہیں ملتا آیا زنکی مستعفی ہوئے یا اُنھیں ذمہ داری سے فارغ کیا گیا۔

یہ تبدیلی ایسے میں سامنے آئی ہے جب کہا جا رہا ہے کہ محکمہ انصاف اس بات پر غور کر رہا ہے آیا اُن کے خلاف مجرمانہ سازش کی تفتیش کی جانی چاہیئے۔

اُن کے ذاتی انداز اور انتظامی فیصلوں کی نتیجے میں یہ سوال اٹھائے جا رہے ہیں آیا اُنھوں نے عہدے کا ذاتی منفعت کے لیے استعمال کیا ہے، جس سے کم از کم 15 تفتیشیں ہو رہی ہیں، جن میں سے متعدد میں کسی غلط کاری کا الزام غیر درست ثابت ہو چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG