رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کی جانب سے ایرانی عوام کی حمایت کا ایک اور وعدہ


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں ایران کے عوام کی حمایت کا ایک اور وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ وعدہ ایک ایسے موقع پر کیا جب ایران کے سرکاری میڈیا نے ملک بھر میں حکومت کی حمایت میں بڑے بڑے جلسے اور جلوسوں کی فوٹیج دکھائی۔

حکومت کے حق میں مظاہروں سے قبل چھ روز تک ایران میں حکومت مخالف احتجاجی ریلیاں منعقد ہوتی رہیں، جس دوران کئی افراد ہلاک بھی ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں بقول ان کے بدعنوان حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے والے لوگوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مناسب وقت پر آپ امریکہ کی جانب سے بہت مدد ملے گی۔

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن نے بدھ کے روز اپنی فوٹیج میں لوگوں کے ہجوم دکھائے جو ایران کے پرچم لہراتے ہوئے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔

بعدازاں ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ پچھلے چند روز کے دوران حکومت مخالف جو مظاہرے شروع ہوئے تھے اب ان کا خاتمہ ہو چکا ہے۔

پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد علی جعفری کی جانب سے ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ہم 2018 کی بغاوت کے خاتمے کا اعلان کر سکتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں اس احتجاج میں شامل مظاہرین کی تعداد 15 ہزار سے زیادہ نہیں تھی۔

ترکی کے صدراتی ذرائع نے کہا ہے کہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ، ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران کہا کہ چند دنوں کے اندر حکومت مخالف مظاہروں کا خاتمہ ہو جائے گا۔

XS
SM
MD
LG