رسائی کے لنکس

فی الحال ایمرجنسی کے اعلان کا کوئی ارادہ نہیں: ٹرمپ


اس تعطل کے نتیجے میں جزوی سرکاری شٹ ڈاؤن جاری ہے جسے اب 21 دِن ہوگئے ہیں، جو امریکی تاریخ کی طویل ترین بندش ہے

صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی سربراہی میں جمعے کے روز وائٹ کے کابینہ روم میں گول میز مباحثہ ہوا۔ صدر نے امریکہ کی جنوبی سرحد پر صورت حال کو ’’چڑھائی‘‘ کی نوعیت کا انداز قرار دیتے ہوئے، اس بات کا عندیہ دیا کہ وہ قومی ہنگامی صورت حال کا اعلان نہیں کریں گے، جس کی بدولت اُنھیں طویل مدت سے عہد کردہ دیوار کی تعمیر کا ایک قانونی اختیار مل سکتا ہے۔

ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق، ٹرمپ نے کہا کہ دیوار کی تعمیر کے لیے وہ فی الحال، ہنگامی صورت حال کے اعلان کا ارادہ نہیں رکھتے، اور کہا کہ ’’یہ ایسا معاملہ ہے جو کانگریس ہی کر سکتی ہے‘‘۔

ڈیموکریٹس نے بجٹ پر ووٹ سے انکار کیا ہے جس میں 5 ارب ڈالر سے زیادہ کے فنڈ کی منظوری دی جائے، جس سے میکسیکو سرحد کے ساتھ ایک مستقل باڑ تعمیر کی جا سکے؛ جب کہ ٹرمپ نے حکومتی بجٹ کے کسی دستاویز پر دستخط سے انکار کیا ہے جب تک اس میں رقوم فراہمی کا معاملہ شامل نہ ہو۔

اس تعطل کے نتیجے میں جزوی سرکاری بندش جاری ہے جسے اب 21 دِن ہوگئے ہیں، جو امریکی تاریخ کی طویل ترین شٹ ڈاؤن ہے۔

رقوم کی عدم فراہمی کے باعث وفاقی حکومت کی تقریباً ایک چوتھائی، جس میں ہوم لینڈ سکیورٹی اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ شامل ہیں، متاثر ہوئے ہیں۔ اندازاً 800000 وفاقی ملازمین کو تنخواہ نہیں مل رہی۔

ٹرمپ نے جمعرات کے روز ٹیکساس کے سرحدی قصبے، مک ایلن کے دورے کے دوران کہا تھا کہ ہو سکتا ہے وہ قومی ایمرجنسی کا اعلان کریں۔

بقول اُن کے، ’’یا تو ہمیں کامیابی ہوگی، کوئی سمجھوتا طے پائے گا، چونکہ میرے خیال میں سمجھوتا ہی سب کی کامیابی ہوگا، یا پھر میں قومی ہنگامی صورت حال کا اعلان کروں‘‘۔

ادھر، ڈیموکریٹ پارٹی کے اکثریت والے ایوانِ نمائندگان نے جمعے کے روز وفاقی اداروں کے فنڈ بحال کرنے کا بل منظور کیا، جو دیوار کے لیے رقوم مختص کرنے کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مطالبے سے اتفاق نہ کرنے کے نتیجے میں بند پڑے ہیں۔

وفاقی حکومت کےاندازاً 800000 ملازمین کو، جن میں ٹیکس کلیکٹر سے لے کر ایف بی آئی کے ایجنٹ تک آجاتے ہیں، تنخواہ نہیں مل پائی۔

تاہم، کار سرکار کی مکمل بحالی کی کوئی صورت نظر نہیں آتی، چونکہ سینیٹ میں ریپبلیکن پارٹی کے قائد مچ مکونیل نے کہا ہے کہ وہ اس بل کو ایوان کے سامنے نہیں لائیں گے۔

ریپبلکن جو سینیٹ کو کنٹرول کرتے ہیں اب تک ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ اس بات پر مصر ہیں کہ اخراجاتی بل میں دیوار کی تعمیر کے لیے رقوم کی منظوری لازمی شرط ہے۔

XS
SM
MD
LG