رسائی کے لنکس

ٹرمپ، پیوٹن رابطہ، شام پر گفتگو متوقع


فائل
فائل

وائٹ ہاؤس اور کریملن دونوں نے ٹیلی فون کال کی تصدیق کی ہے۔ لیکن، اُنھوں نے زیر غور آنے والے موضوع ظاہر نہیں کیے۔ دونوں سربراہان کے درمیان شام کی خانہ جنگی اور پیوٹن کی جانب سے شامی صدر بشار اسد کی حمایت جاری رکھنے پر بات چیت متوقع ہے

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن منگل کے روز ٹیلی فون پر گفتگو کرنے والے ہیں، جو گذشتہ ماہ روس کی جانب سے شام کے خلاف امریکی فوجی حملے کی مذمت کے بعد پہلی بار ہو رہی ہے۔

وائٹ ہاؤس اور کریملن دونوں نے ٹیلی فون کال کی تصدیق کی ہے۔ لیکن، اُنھوں نے زیر غور آنے والے موضوع ظاہر نہیں کیے۔

دونوں سربراہان کے درمیان شام کی خانہ جنگی اور پیوٹن کی جانب سے شامی صدر بشار اسد کی حمایت جاری رکھنے پر بات چیت متوقع ہے۔

جب سے ٹرمپ نے صدارتی انتخاب جیتا ہے، منگل کو اُن کے مابین ہونے والی یہ تیسری ٹیلی فون گفتگو ہوگی۔ اُنھوں نے گذشتہ ماہ روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد اور جنوری میں ٹرمپ کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے ایک ہفتہ بعد گفتگو کی تھی۔

اپنی انتخابی مہم کے دوران، ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ دہشت گردی کے انسداد کے لیے وہ اور پیوٹن مل کر کام کریں گے۔ حالانکہ گذشتہ ماہ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ عین ممکن ہے کہ امریکہ روس تعلقات ’’اپنی نچلی ترین سطح پر ہوں‘‘۔

دریں اثناٴ، ایف بی آئی اور کانگریس کے تفتیش کار انتخابی مہم سے وابستہ ارکان کی جانب سے روس کے ساتھ ہونے والے رابطوں اور گذشتہ سال کے امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے بارے میں چھان بین کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG