رسائی کے لنکس

پاکستان کے ساتھ مزید بہتر تعلقات کا آغاز کر رہے ہیں: صدر ٹرمپ


صدر ٹرمپ (فائل فوٹو)
صدر ٹرمپ (فائل فوٹو)

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان اور اس کے راہنماؤں کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنے جا رہا ہے۔

ہفتہ کو علی الصبح ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ کئی ایک محاذوں پر ان (پاکستان) کے تعاون کے لیے ممنون ہیں۔

پاکستان سے متعلق سخت رویے اور خصوصاً خطے کے بارے میں نئی پالیسی کے اعلان کے وقت صدر ٹرمپ کی طرف سے پاکستان پر اپنے ہاں مبینہ طور پر موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گناہوں کے خلاف سنجیدگی سے کارروائی کرنے انتباہ کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں خاصا تناؤ دیکھا جا رہا تھا۔

لیکن بدھ کو امریکی انٹیلی جنس ایجنس معلومات کی بنیاد پر پاکستانی فوج کی طرف سے کی گئی ایک کارروائی میں ایک غیرملکی جوڑے اور ان کے تین بچوں کو بحفاظت بازیاب کروائے جانے کے بعد سے امریکہ کی جانب سے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پرستائش پیغامات آنا شروع ہوئے۔

یہ مغوی جوڑا 2012ء میں افغانستان سے اغوا ہوا تھا جس میں شوہر کا تعلق کینیڈا جب کہ بیوی کا تعلق امریکہ سے ہے۔ عسکریت پسندوں کی تحویل میں ہی اس جوڑے کے ہاں تین بچے بھی پیدا ہوئے۔

اس جوڑے کی بازیابی کے بعد بھی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان کا یہ تعاون اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ امریکہ کی خواہشات کی پاسداری کرتے ہوئے خطے کی سلامتی کے لیے مزید کام کرنے کا خواہاں ہے اور انھوں نے انسداد دہشت گردی میں دونوں ملکوں کے مزید تعاون کی توقع کا بھی اظہار کیا تھا۔

ایک روز قبل ہی پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ ہونا چاہیے اور اس سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔

لیکن ان کے بقول پاکستانی سرزمین پر کارروائی صرف پاکستانی فورسز ہی کریں گی۔

XS
SM
MD
LG