رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کے میزائل تجربات سے امریکہ کو کوئی خطرہ نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات سے امریکہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے کو اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا کے میزائلوں کے حالیہ تجربات جنوبی کوریا کے لیے تو پیغام ہو سکتا ہے لیکن امریکہ کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن نے امریکہ کو کوئی وارننگ نہیں دی۔

انکا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان ان کے اپنے اختلافات ہیں۔ شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے تھے جو معیار کے عین مطابق تھے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ میرے کِم جونگ اُن سے بہت اچھے تعلقات ہیں، جو کچھ بھی ہوگا ہم اسے دیکھ لیں گے۔

واضح رہے کہ جمعرات کو شمالی کوریا نے کم فاصلے تک مار کرنے والے دو میزائلوں کا تجربہ کیا تھا جس کے بعد شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات جنوبی کوریا کے لیے وارننگ ہیں۔

کِم جونگ اُن نے جنوبی کوریا کے ساتھ امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں پر تنقید کرتے ہوئے مشقوں کو امریکہ کی جانب سے وعدہ خلافی قرار دیا تھا۔

شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات کے بعد شمالی کوریا اور امریکہ کے تعلقات کے مستقبل پر بھی سوال اٹھائے جا رہے تھے۔

ترکی سے متعلق بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ روس سے ایئر ڈیفینس سسٹم خریدنے پر ترکی کو الزام نہیں دیں گے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ترکی پر پابندیوں سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ترکی کے معاملے پر ہم صورتحال کا مکمل طور پر جائزہ لے رہے ہیں، یہ بہت مشکل صورتحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس سے ایئر ڈیفینس سسٹم خریدنے پر وہ ترکی کو مورد الزام نہیں ٹہرائیں گے، اس میں دیگر عوامل کا بھی عمل دخل ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اُردوان نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر امریکہ ترکی کو ایف-35 طیارے فروخت نہیں کرے گا تو ترکی اپنی ضرورت کسی اور جگہ سے پوری کر سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG