رسائی کے لنکس

ریفرنڈم: پاکستان کا ترک قیادت کو مبارکباد کا پیغام


ترکی میں صدارتی اختیارات میں توسیع کے لیے کرائے گئے ریفرنڈم میں صدر رجب اردوان کے موقف کی فتح پر پاکستان نے ترک حکومت اور عوام کو مبادکباد دی ہے۔

اتوار کو ترکی میں ہونے والے ریفرنڈم میں صدر طیب رجب اردوان کے موقف یعنی"ہاں" کو 51.41 فیصد جب کہ "ناں" کو 48.59 فیصد ووٹ ملے۔ اس کامیابی کے بعد اب آئینی ترمیم کے ذریعے ترکی میں صدر کے اختیارات میں مزید اضافہ ہو سکے گا۔

پاکستانی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف شریف نے ’’اہم فیصلے‘‘ پر ترکی کی قیادت کو مبارکباد کے الگ الگ پیغامات بھیجے ہیں۔

بیان میں کہا کہ آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ سے اس بات کی غمازی ہوتی ہے کہ ترک عوام ایک مضبوط ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔

پاکستانی قیادت کی طرف سے اس اُمید کا اظہار بھی کیا گیا کہ گزشتہ 15 سالوں میں ترکی نے استحکام اور خوشحالی کے لیے جو راستہ متعین کیا گیا اُس پر سفر کی رفتار تیز ہو سکے گی۔

دریں اثنا پیر کو پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر اُنھیں مبارکباد کا پیغام دیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق صدر اردوان کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کو ترکی کے دورے کی دعوت بھی دی گئی۔

واضح رہے کہ ترکی میں حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے ریفرنڈم کے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG