رسائی کے لنکس

آئیوری کوسٹ: سیاحتی مرکز پر حملہ، 16 افراد ہلاک


ائرنگ کا واقعہ گرینڈ بسام میں پیش آیا ہے۔
ائرنگ کا واقعہ گرینڈ بسام میں پیش آیا ہے۔

پولیس افسر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کم از کم چار یورپی سیاح شامل ہیں جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

مغربی افریقہ کے ملک آئیوری کوسٹ کے ایک معروف سیاحتی قصبے کے ساحل پر مسلح افراد کے حملے میں چار یورپی سیاحوں سمیت کم از کم 16افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ آئیوری کوسٹ کے معاشی مرکز اور سب سے بڑے شہر عابد جان سے 40 کلومیٹر مشرق میں واقع قصبے گرینڈ بسام میں اتوار کو پیش آیا۔

مذکورہ قصبہ اپنے ساحل، قہوہ خانوں اور ہوٹلوں کے باعث مغربی سیاحوں میں خاصا مقبول ہے جب کہ عابد جان کے رہائشی بھی تفریح کی غرض سے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

آئیوری کوسٹ کے صدر الاسان اوتارا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد چھ تھی جنہوں نے گرینڈ بسام کے ساحل پر واقع ہوٹلوں کو دوپہر کے وقت نشانہ بنایا۔

عینی شاہدین کے مطابق تمام حملہ آور سیاہ لباس پہنے ہوئے تھے جنہوں نے ساحل پر واقع ریستورانوں میں کھانے پینے میں مصروف سیاحوں پر فائرنگ کی۔

صدر کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں 14 عام شہری جب کہ اسپیشل فورس دستے کے دو اہلکار شامل ہیں۔

صدر کے مطابق تمام چھ حملہ آور فورسز کی جوابی کارروائی میں مارے گئے ہیں۔

ایک پولیس افسر نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کم از کم چار یورپی سیاح شامل ہیں۔

فرانس کی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں فرانس کا ایک شہری بھی شامل ہے۔ دیگر تین غیر ملکیوں کی شہریت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

خطے میں سرگرم القاعدہ کی مقامی شاخ 'القاعدہ فی بلاد المغرب' نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

آئیوری کوسٹ فرانس کی نو آبادی رہا ہے جو اپنے خوب صورت ساحل، ثقافت اور جنگلات کے باعث مغربی خصوصاً فرانسیسی سیاحوں میں خاصا مقبول ہے۔

فائرنگ کے اس واقعے سے لگ بھگ دو ماہ قبل مسلمان شدت پسندوں نے آئیوری کوسٹ کے پڑوسی ملک برکینسا فاسو کے دارالحکومت ااوگادوگو کے معروف ہوٹل اور قہوہ خانے پر حملہ کیا تھا جس میں درجنوں افراد مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG