رسائی کے لنکس

معاشیات کا نوبیل پرائز دو امریکی ماہرین نے جیت لیا


معاشیات کا نوبیل انعام جیتنے والے دو امریکی ماہرین کے ناموں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
معاشیات کا نوبیل انعام جیتنے والے دو امریکی ماہرین کے ناموں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

امریکہ کے دو ماہرین معاشیات نے سویڈش سینٹرل بینک کا نوبیل انعام جیت لیا ہے۔

یہ ایوارڈ الفرڈ نوبیل کی یاد میں دیا جاتا ہے۔

رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کے ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوارڈ دو امریکی ماہرین پال آر ملگروم اور رابرٹ بی ولسن کو نیلامی سے متعلق نظریات یا آکشن تھیوری کو بہتر بنانے اور نیلامی کی ترتیب بندی اور ساخت کی نئی اختراعات پر دیا گیا ہے۔

دونوں معاشی سائنس دانوں کے درمیان 11 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم مساوی طور پر تقسیم کی جائے گی۔

معاشیاتی سائنس کا انعام ابتدائی الفرڈ نوبیل کی اس وصیت میں شامل نہیں تھا جس پر یہ ایوارڈ دیے جاتے ہیں۔ یہ انعام بعدازاں 1968 میں سویڈش سینٹرل بینک نے الفرڈ نوبیل کی یاد اور ان کے احترام میں قائم کیا تھا۔ اس شعبے میں انعام 1969 میں پہلی بار دیا گیا تھا اور تب سے اس کے لیے فنڈز سویڈش سینٹرل بینک فراہم کر رہا ہے۔

پچھلے چند روز سے مختلف شعبوں کے لیے نوبیل انعام کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل طب کے شعبے میں ہیپا ٹائٹس سی کے وائرس کی دریافت پر تین سائنس دانوں کو انعام دیا گیا تھا جن میں سے دو امریکی اور ایک برطانوی تھا۔

اکنامکس کا نوبیل انعام جیتنے والوں میں شامل امریکی ماہر رابرٹ ولسن
اکنامکس کا نوبیل انعام جیتنے والوں میں شامل امریکی ماہر رابرٹ ولسن

اس سے قبل طبعیات کے شعبے میں بھی تین سائنس دان نوبیل ایوارڈ کے حق دار قرار دیے گئے تھے جن میں سے ایک امریکی، ایک برطانوی اورایک کا تعلق جرمنی سے تھا۔ ان کی تحقیق بلیک ہول کے بارے میں تھی۔

جب کہ کیمسٹری کا انعام ایک فرانسیسی اور ایک امریکی سائنس دانوں کو جین کی ایڈیٹنگ کا طریقہ دریافت کرنے پر دیا گیا ہے۔

ادب کا نوبیل پرائز ایک امریکی شاعرہ نے جیتا اور امن کا نو بیل ایوارڈ عالمی ادارہ خوراک کو ان کوششوں پر دیا گیا جو وہ دنیا میں بھوک کے خطرے سے نمٹنے کے لیے کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG