رسائی کے لنکس

یوکرین کی سابق وزیرِاعظم گرفتار


سابق وزیرِاعظم یولیا ٹیمو شینکو کمرہ عدالت میں
سابق وزیرِاعظم یولیا ٹیمو شینکو کمرہ عدالت میں

یوکرین کی سابق وزیرِاعظم یولیا ٹیمو شینکو کو اختیارات سے تجاوز کے الزام کے تحت جاری مقدمہ کے دوران عدالتی طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔

جمعہ کو دارالحکومت کِیو میں جاری مقدمہ کی کارروائی کے دوران ایک جج نے ٹیمو شینکو پر مقدمہ کی کارروائی میں خلل ڈالنے کا الزام عائد کیا جس کے بعد سابق وزیرِاعظم کو کئی پولیس افسران ہتھکڑیاں لگا کر اپنے ہمراہ لے گئے۔

مس ٹیمو شینکو اس وقت یوکرینی حزبِ مخالف کی اہم ترین رہنما ہیں اور انہوں نے اپنے خلاف جاری مقدمہ کی سماعت کے دوران جج کا مذاق اڑایا تھا۔

سابق وزیرِاعظم پر الزام ہے کہ انہوں نے 2009ء میں اپنی وزارتِ عظمیٰ کے دوران اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے روس کے ساتھ قدرتی گیس کی تجارت کا معاہدہ کیا تھا جس کے نتیجے میں یوکرین کو کئی ملین ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

ٹیموشینکو خود پر عائد الزامات کی صحت سے انکار کرتی آئی ہیں۔

یورپی یونین نے مس ٹیمو شینکو کی گرفتاری کی مخالفت کرتے ہوئے ان کے خلاف جاری مقدمہ کو اس بنیاد پر سیاسی انتقام قرار دیا ہے کہ وہ ملک میں حزبِ مخالف کی رہنما ہیں۔

سابق وزیرِاعظم کے خلاف مقدمے کی سماعت کرنے والے جج نے یہ واضح نہیں کیا کہ سماعت کا دوبارہ آغاز کب کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG