رسائی کے لنکس

علیحدگی پسندوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے، یوکرین


یوکرینی وزیرِاعظم جرمنی کے وزیرِ خارجہ (بائیں) کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خظاب کر رہے ہیں
یوکرینی وزیرِاعظم جرمنی کے وزیرِ خارجہ (بائیں) کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خظاب کر رہے ہیں

یوکرین کے وزیرِ اعظم نے روس کو خبردار کیا کہ وہ یوکرین کی افواج سے لڑنے والے "دہشت گردوں" کو جواز فراہم کرنے کا "کھیل کھیلنا" بند کرے۔

یوکرین نے اپنے مشرقی علاقے میں سرگرم علیحدگی پسندوں کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی روسی تجویز مسترد کرتے ہوئے ا سے "دہشت گردوں" کی مدد بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یوکرین کے وزیرِاعظم آرسینے یاتسنیوک نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں روس پر الزام عائد کیا کہ وہ یوکرین پر دباؤ ڈال کر اسے اپنے مشرقی علاقوں میں سرگرم علیحدگی پسندوں کو عوام کا جائز نمائندہ تسلیم کرنے پر مجبور کررہا ہے۔

انہوں نے روس کو خبردار کیا کہ وہ یوکرین کی افواج سے لڑنے والے "دہشت گردوں" کو جواز فراہم کرنے کا "کھیل کھیلنا" بند کرے۔

یوکرینی وزیرِاعظم نے روس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک دہشت گردوں کے ساتھ براہِ راست مذاکرات نہیں کرے گا۔

اس سے قبل روس کے وزیرِ خارجہ سرجئی لاوروف نے بدھ کو ماسکو میں روسی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے یوکرینی حکومت اور علیحدگی پسندوں کے درمیان "مستقل اور موثر" رابطوں کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

روسی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ یوکرینی حکومت اور علیحدگی پسندوں کو باہمی رابطوں کے ذریعے بحران کے حل کے ایسے معاہدوں پر اتفاق کرنا چاہیے جس پر تمام فریق متفق ہوں۔

یوکرین اور مغربی ملکوں کا الزام ہے کہ روس یوکرین کے مشرقی حصے پر قابض علیحدگی پسندوں کو ہتھیار، افرادی قوت اور مالی وسائل فراہم کرکے یوکرین کی حکومت اور سلامتی کو عدم استحکام سے دوچار کر رہا ہے۔

یوکرین میں مبینہ روسی مداخلت کی پاداش میں امریکہ اور یورپی یونین نے روس پر سخت اقتصادی پابندیاں بھی عائد کی ہیں لیکن اس کے باوجود مغربی ملکوں کا الزام ہے کہ روس یوکرین میں مداخلت جاری رکھے ہوئے ہے۔

یوکرین میں رواں سال اپریل کے وسط میں روس نواز حکومت کےخاتمے سے شروع ہونے والے سیاسی بحران اور مسلح بغاوت میں اب تک چار ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

روس مشرقی یوکرین پر قابض علیحدگی پسندوں کی حمایت کرتا ہے لیکن بحران میں براہِ راست مداخلت کے الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG