رسائی کے لنکس

انگلینڈ کو ایک رن اضافی دینا غلطی تھی، امپائر دھرماسینا کا اعتراف


دھرما سینا ورلڈ کپ فائنل کے دوران امپائرنگ کر رہے ہیں۔(فائل فوٹو)
دھرما سینا ورلڈ کپ فائنل کے دوران امپائرنگ کر رہے ہیں۔(فائل فوٹو)

ورلڈ کپ فائنل میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دینے والے امپائر کمارا دھرما سینا نے آخری اوور میں اوور تھرو پر انگلینڈ کو ایک اضافی رن دینے کی غلطی تسلیم کر لی ہے۔

سری لنکن اخبار 'سنڈے ٹائمز' کو دیے گئے انٹرویو میں دھرما سینا نے وضاحت کی کہ انھیں ٹی وی ری پلے کی سہولت میسر نہیں تھی۔ جس سے وہ تعین کر سکتے کہ بلے بازوں نے تھرو سے قبل ایک دوسرے کو کراس کیا تھا یا نہیں۔

خیال رہے کہ ورلڈ کپ فائنل کے آخری اوور میں انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس دوسرا رن مکمل کرنے والے ہی تھے کہ مارٹن گپٹل کی تھرو ان کے بلے سے ٹکرا کر باؤنڈری پار گئی۔ جس پر فیلڈ امپائر کمارا دھرماسینا نے انگلینڈ کو چھ رنز ایوارڈ کیے جس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور انگلینڈ میچ برابر کرنے میں کامیاب رہا۔

اس غلطی کی نشاندہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے ایلیٹ پینل میں شامل رہنے والے سابق امپائر سائمن ٹافل نے کی تھی۔ جنھوں نے کہا تھا کہ آئی سی سی قانون کے مطابق جب تک بلے باز تھرو سے قبل ایک دوسرے کو کراس نہ کر لیں اس وقت تک اوور تھرو کے رنز میں اسے شمار نہیں کیا جائے گا۔ لہذٰا انگلینڈ کو اصولی طور پر پانچ رنز ملنے چاہیے تھے۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ فائنل اعصاب شکن مقابلے کے باوجود برابر رہا تھا۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ فائنل اعصاب شکن مقابلے کے باوجود برابر رہا تھا۔

سائمن ٹافل کی نشاندہی کے بعد دنیا بھر میں کرکٹ شائقین نے میگا ایونٹ میں امپائرنگ کے معیار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے بھی اس غلطی کو بدقسمتی قرار دیا تھا۔

دھرما سینا اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ فیلڈ امپائرز کو ٹی وی ری پلے کی سہولت میسر نہیں ہوتی اس لیے انھیں اپنے فیصلے پر کوئی افسوس نہیں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے بھی امپائر کے فیصلے پر اعتراض اٹھایا تھا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے بھی امپائر کے فیصلے پر اعتراض اٹھایا تھا۔

دھرما سینا نے بتایا کہ اوور تھرو کے بعد انھوں نے لیگ امپائر اور میچ ریفری سے واکی ٹاکی پر رجوع کیا جن کی مشاورت کے بعد انھوں نے حتمی فیصلہ کیا۔

انگلینڈ نے ورلڈ کپ فائنل میں زیادہ باؤنڈریز لگانے کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی تھی۔ نیوزی لینڈ کے 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم بھی 241 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ جس کے بعد سپر اوور میں بھی مقابلہ برابر رہنے کے بعد آئی سی سی قوانین کے تحت زیادہ باؤنڈریز لگانے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG