رسائی کے لنکس

پاکستان اور بھارت انتہائی تحمل سے کام لیں: اقوام متحدہ


ترجمان کے مطابق، ’’انتونیو گوئیرس اس بات کے خواہاں ہیں کہ بین الاقوامی قانون کی رو سے احتساب لازم ہے اور یہ کہ دہشت گرد کارروائیاں کرنے والوں کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے‘‘

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے 14 فروری کو جموں و کشمیر میں پلوامہ کے مقام پر بھارتی سیکورٹی افواج پر ہونے والے دہشت گرد حملے اور بعدازاں ہونے والی تشدد کی کارروائیوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا ہے۔

ایک بیان میں سیکریٹری جنرل کے ترجمان، اسٹیفن دوجارے نے کہا ہے کہ ’’انتونیو گوتیرس کو اس معاملے پر سخت تشویش ہے، اور وہ جنوبی ایشیا کی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں‘‘۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ’’انتونیو گوئیرس اس بات کے خواہاں ہیں کہ بین الاقوامی قانون کی رو سے احتساب لازم ہے اور یہ کہ دہشت گرد کارروائیاں کرنے والوں کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے‘‘۔

ساتھ ہی، سیکریٹری جنرل نے بھارت اور پاکستان کی حکومتوں سے فوری اپیل کی ہے کہ وہ ’’انتہائی تحمل سے کام لیں‘‘ اور ’’یہ بات یقینی بنائیں کہ صورت حال میں مزید بگاڑ نہ آئے‘‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’’سیکریٹری جنرل سمجھتے ہیں کہ بامعنی باہمی رابطے کے ذریعے تمام مشکل چیلنجوں کا پُرامن اور اطمینان بخش تصفیہ ممکن ہے‘‘۔

ادھر، منگل کے روز پاکستان نے پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے بیانات کے تناظر میں پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقوام متحدہ سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے مطابق، ’’یہ درخواست پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے نام ایک خط میں کی تھی‘‘۔ شاہ محمود قریشی نے خط میں دعویٰ کیا ہے کہ ’’بھارت نے اپنی اندرونی سیاسی وجوہات کی بنا پر پاکستان کے خلاف جارحانہ بیانات کو تیز کر دیا ہے جس کی وجہ سے خطے کا ماحول کشیدہ ہے‘‘۔

XS
SM
MD
LG