رسائی کے لنکس

’اچھا سر، الٹا گھر بنا کر دکھائیں‘

ملک کے دارالحکومت بگوٹا کے قریبی علاقے گواتاویتا میں بنائے گئے اس گھر میں لوگوں کی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔
ملک کے دارالحکومت بگوٹا کے قریبی علاقے گواتاویتا میں بنائے گئے اس گھر میں لوگوں کی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔

کولمبیا میں ایک ایسا گھر بنایا گیا ہے جس کی چھت زمین سے لگی ہوئی ہے۔ یعنی اس گھر میں فرش کی جگہ چھت اور چھت کی جگہ فرش ہے۔

ملک کے دارالحکومت بگوٹا کے قریبی علاقے گواتاویتا میں بنائے گئے اس گھر میں لوگوں کی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔ کرونا وائرس کی وبا کے دور میں لوگ اس جگہ کے دورے کو ایک دلچسپ تجربہ قرار دے رہے ہیں۔

یہ گھر یورپی ملک آسٹریا کے ایک شہری فرٹس شائل کی ملکیت ہے جو اپنے خاندان کے ہمراہ کولمبیا میں ہی مقیم ہیں۔ انہوں نے خود ہی اس گھر کو ڈیزائن کیا ہے۔

گھر میں داخل ہونے والے افراد چھت پر قدم رکھ کر داخل ہوتے ہیں جب کہ گھر میں موجود سارا فرنیچر ان کے سر کے اوپر نظر آتا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اس انوکھے گھر کے بارے میں فرٹس شائل بتاتے ہیں کہ جب وہ اس خیال کے بارے میں لوگوں سے بات کرتے تھے تو لوگ انتہائی حیرت سے انہیں دیکھتے تھے کہ جیسے وہ کوئی پاگل ہوں۔ کوئی ان کی بات پر یقین نہیں کر رہا تھا۔

ان کے بقول "میں لوگوں کو کہتاتھا کہ میں ایک ایسا گھر بنانا چاہتا ہوں جو الٹا ہو۔ لوگ کہتے تھے کہ اچھا سر، ٹھیک ہے۔ تو پھر بنا کر دکھائیں۔

فرٹس شائل کو یہ گھر بنانے کا خیال اس وقت آیا جب وہ 2015 میں آسٹریا گئے تھے۔ وہاں انہوں نے ایک ایسا ہی گھر دیکھا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے گھر کی تعمیر کسی حد تک سست روی کا شکار ہوئی تھی لیکن اب یہ مکمل ہو چکا ہے۔

فرٹس شائل تین ہفتے قبل اس گھر کا افتتاح کر چکے ہیں۔

ایسے میں جب لوگ کرونا سے متاثر ہونے کے خوف میں مبتلا ہیں اور حکومت مختلف پابندیاں عائد کر رہی ہے، لوگوں کے لیے اس گھر کا دورہ ایک اچھی تفریح قرار دی جا رہی ہے۔

گھر کا دورہ کرنے والی ایک خاتون لینا گتریز کا کہنا تھا کہ لوگ ابھی کرونا کی وبا کا سامنا کر رہے ہیں اور لاک ڈاؤن سے بھی ابھی آزادی ملی ہے, تو یہ گھر لوگوں کے لیے چند لمحوں کی راحت کا سبب بنتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس گھر کو 'کاسا لوکا' کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں ایک اسنوکر ٹیبل بھی لگی ہوئی ہے لیکن اس پر اسنوکر کھیلنا ممکن نہیں۔ کیوں کہ یہ ٹیبل بھی چھت سے چپکی ہوئی ہے۔

اس طرح گھر کی اکثر آرائشی اشیا بھی الٹی ہی نظر آئیں گی۔

ایک پر فضا مقام پر لکڑی کی چاردیواری میں بنائے گئے اس گھر کو دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے آ رہے ہیں۔ کچھ لوگ جو اس میں داخل ہوتے ہیں، وہ ویڈیوز اور تصاویر بنا رہے ہیں جب کہ بہت سے لوگ گھر کے باہر کھڑے سیلفیاں بناتے بھی نظر آتے ہیں۔

اس گھر کے باہر گاڑی کا ایک ماڈل بھی موجود ہے لیکن یہ گاڑی بھی زمین سے کئی میٹرز کی بلندی پر الٹی چپکی ہوئی ہے۔

اس رپورٹ میں شامل مواد خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لیا گیا ہے۔

This item is part of
XS
SM
MD
LG