رسائی کے لنکس

یوگنڈا کے ہوائی اڈے پر دہشت گرد حملے کا انتباہ


انٹبی بین الاقوامی ہوائی اڈا، سیٹلائٹ تصویر
انٹبی بین الاقوامی ہوائی اڈا، سیٹلائٹ تصویر

اس بات کا ایک ’واضح خطرہ‘ موجود ہے کہ ایک نامعلوم دہشت گرد گروپ آج، جمعرات، تین جولائی کو، مقامی وقت کے مطابق 9 سے 11 بجے شام کے درمیان ایئرپورٹ پر حملے کا اندیشہ ہے: امریکی سفارت خانے کا بیان

یوگنڈا میں امریکی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ انٹبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملہ ہو سکتا ہے، جو دارلحکومت کمپالا کے جنوب میں 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

سفارت خانے نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ انٹیلی جنس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس بات کا ایک ’واضح خطرہ‘ موجود ہے کہ ایک نامعلوم دہشت گرد گروپ آج، جمعرات، تین جولائی کو، مقامی وقت کے مطابق 9 سے 11 بجے شام کے درمیان ایئرپورٹ پر حملے کا اندیشہ ہے۔

انتباہ میں کہا گیا ہے کہ اُسے اس خطرے کی اطلاع یوگنڈا کی پولیس فورس سے موصول ہوئی ہے۔


وائس آف امریکہ کی افریقہ کے لیے انگریزی سروس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں یوگنڈا کے انسپیکٹر جنرل پولیس، کالے کائی ہورا نے کہا ہے کہ اُنھوں نے سفارت خانے کو ایسا کوئی انتباہ جاری نہیں کیا۔ لیکن، ہوائی اڈے کی حفاظت کے لیے پولیس نے ’اضافی اقدام‘ کیے ہیں۔

اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ ایئرپورٹ محفوظ ہے۔

کالے کائی ہورا کے بقول، ’ایسے میں جب میں بات کر رہا ہوں، انٹبی ایئرپورٹ بہت محفوظ ہے، طیارے معمول کے مطابق آ جا رہے ہیں، اور اس سلسلے میں پریشانی کی کوئی ضرورت نہیں۔

اس سے قبل، اوباما انتظامیہ کے اہل کاروں کا کہنا تھا کہ اس تشویش کے باعث کہ القاعدہ نئے بم تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جنھیں طیارے تک اسمگل کیا جا سکتا ہے، امریکہ چند غیر ملکی ہوائی اڈوں پر سکیورٹی بڑھانے کا سوچ رہا ہے۔

امریکہ کے ہوم لینڈ سکیورٹی کے سربراہ، جے جانسن کا کہنا ہے کہ امریکہ کچھ غیرملکی ہوائی اڈوں پر سکیورٹی بڑھا رہا ہے، جہاں سے امریکہ کو براہ راست پروازیں آتی ہیں۔ اُنھوں نے کوئی اطلاع نہیں دی کہ اس تازہ اقدام کی ضرورت کیوں پیش آئی یا اس میں کون سے ایئرپورٹ شامل ہیں۔


جمعرات کو ایسو سی ایٹڈ پریس نے ا نسداد دہشت گردی سے متعلق امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہےکہ ماہرین کو بم تیار کرنے کی القاعدہ کی اس نئی کوشش پر تشویش ہے، جسے ہوائی اڈوں پر مامور سکیورٹی نظام سے اسمگل کیا جاسکتا ہے۔

فرانسسی خبر رساں ادارے نے رپورٹ دی ہے کہ مشرق وسطیٰ اور یورپ میں ایئرپورٹس پر اضافی سکیورٹی تعینات کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں خبررساں ادارے نے ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے کے ایک نامعلوم اہل کار کا حوالہ دیا ہے۔

امریکہ کے اس اعلان کے بعد، برطانوی ہوائی اڈوں پر بھی اضافی سکیورٹی کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG