رسائی کے لنکس

امریکہ پاکستان کے ایف 16 طیاروں کی لاجسٹک اور تیکنیکی معاونت پر تیار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ نے پاکستان کے زیرِ استعمال ایف-16 طیاروں کو آلات اور لاجسٹک معاونت فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اس فیصلے کا اعلان امریکی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی (ڈی ایس سی اے) نے محکمۂ خارجہ کی منظوری کے بعد جمعے کو کیا ہے۔

اعلان کے مطابق پاکستان کو فراہم کیے جانے والے ایف -16 طیاروں کے آلات اور لاجسٹک معاونت پر 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔

ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سودے کے نتیجے میں امریکی اہلکار 24 گھنٹے پاکستان کے زیرِ استعمال طیاروں کی مانیٹرنگ کے لیے موجود رہیں گے۔

بیان کے مطابق امریکی اہلکاروں کی موجودگی سے امریکی ٹیکنالوجی کی حفاظت یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور یہ سودا خطے میں امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

امریکہ کی جانب سے یہ اعلان پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ واشنگٹن کے چند روز بعد سامنے آیا ہے جس کے دوران دونوں ملکوں نے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے تاحال امریکہ کے اس اعلان پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ لیکن پاکستان ایک عرصے سے اپنے زیرِ استعمال امریکی ساختہ ایف 16 طیاروں کے لیے آلات اور دیگر تیکنیکی معاونت کے حصول کا خواہش مند تھا۔

امریکی ایجنسی نے جمعے کو پاکستان کے ساتھ ساتھ اس کے روایتی حریف ملک بھارت کے 'سی 17' ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے بھی 60 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کے آلات اور تیکنیکی معاونت کی منظوری دی ہے۔

'ڈی ایس سی اے' نے اپنے ایک علیحدہ بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے امریکہ سے اپنے بوئنگ سی-17 ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے فاضل پرزہ جات اور تربیتی آلات کی فراہمی اور عملے کو تربیت دینے کی درخواست کی تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق بھارت کو خطے میں قدرتی آفات کے مقابلے اور امدادی سرگرمیوں کی انجام دہی کی اپنی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اس معاونت کی ضرورت ہے۔

'ڈی ایس سی اے' کی جانب سے جاری دونوں بیانات میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کو آلات کی فروخت اور تیکنیکی معاونت کی فراہمی سے خطے میں طاقت کا توازن متاثر نہیں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG