رسائی کے لنکس

ڈیموکریٹس کا پرائمری انتخاب، تین مغربی ریاستوں میں ووٹنگ


منگل کو جن ریاستوں میں پرائمری انتخاب ہورہا ہے ان میں سے واشنگٹن سے 118، الاسکا سے 20 اور ہوائی سے 34 مندوبین منتخب کیے جائیں گے۔

امریکہ کی تین مغربی ریاستوں الاسکا، ہوائی اور واشنگٹن میں ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار کے انتخاب کے لیے پرائمری انتخاب ہفتے کو ہو رہا ہے۔

پرائمری انتخاب – جسے کاکس بھی کہا جاتا ہے – میں تینوں ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ پارٹی کے ارکان اپنے نمائندے منتخب کریں گے جو بعد ازاں جولائی میں ہونے والے ڈیموکریٹس کے قومی کنوینشن میں صدارتی امیدوار کا انتخاب کریں گے۔

پرائمری انتخاب میں سابق وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن اور ورمانٹ سے منتخب سینیٹر برنی سینڈرز کے درمیان دو بدو مقابلہ ہے۔

گو کہ ہیلری کلنٹن کو اب تک ہونے والے پرائمری انتخابات میں برنی سینڈرز پر نمایاں برتری حاصل ہوچکی ہے لیکن سینیٹر سینڈرز مقابلے سے دستبردار ہونے کے امکان کو یکسر مسترد کرچکے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ہفتے کو جن تین ریاستوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں وہاں سینیٹر سینڈرز کی فتح کا زیادہ امکان ہے جو نوجوان ڈیموکریٹس میں خاصے مقبول ہیں۔

مقابلے کی دوڑ میں شریک رہنے کے لیے سینیٹر سینڈرز کو مغربی ریاستوں میں ہونے والے پرائمریز ہر صورت جیتنا ہوں گے کیوں کہ جنوبی ریاستوں میں ہیلری کلنٹن نے انہیں بڑے مارجن سے ہرایا ہے۔

اب تک ہونے والے پرائمری انتخابات میں ہیلری کلنٹن کو 1223 مندوبین کی حمایت حاصل ہوچکی ہے جب کہ برنی سینڈرز کے حامی صرف 920 مندوب کامیاب ہوئے ہیں۔

ہیلری کلنٹن کو اپنی پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کے لیے اب بھی مزید 672 مندوبین درکار ہیں جب کہ برنی سینڈرز کو اس کے دگنے مندوبین چاہئیں لیکن وہ ہیلری سے اتنا پیچھے ہونے کے باوجود اپنی فتح کے لیے خاصے پرامید ہیں۔

منگل کو جن ریاستوں میں پرائمری انتخاب ہورہا ہے ان میں سے واشنگٹن سے 118، الاسکا سے 20 اور ہوائی سے 34 مندوبین منتخب کیے جائیں گے۔

تاہم قومی سطح پر دونوں امیدواروں کو ڈیموکریٹ رائے دہندگان کی یکساں حمایت حاصل ہے۔ خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی جانب سے گزشتہ ہفتے کیے جانے والے ایک جائزے کے مطابق 47 فی صد ڈیموکریٹ رائے دہندگان ہیلری کلنٹن جب کہ 46 فی صد سے کچھ زائد برنی سینڈرز کے حمایتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG