رسائی کے لنکس

ریپبلیکن پارٹی کی اسپیکر کے طور پر پال رائن کے انتخاب کی توثیق


بند کمرے میں ہونے والے پارٹی کاکس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، 45 برس کے رائن نے ریپبلیکن پارٹی کے قانون سازوں کو بتایا کہ قانون سازی کے دوران وہ ارکان کی رائے کو اہمیت دینے کا عزم رکھتے ہیں

ریپبلیکن پارٹی، جس کی ایوانِ نمائندگان میں اکثریت ہے، بدھ کو وسکونسن سے تعلق رکھنے والے رُکن، پال رائن کے نئےاسپیکر کے طور پر انتخاب کی توثیق کردی ہے۔ وہ کنزرویٹو اور مقبول ہیں۔
بند کمرے میں ہونے والے پارٹی کاکس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، 45 برس کے رائن نے ریپبلیکن پارٹی کے قانون سازوں کو بتایا کہ قانون سازی کے دوران وہ ارکان کی رائے کو اہمیت دینے کا عزم رکھتے ہین۔

ایک قانون ساز نے رائن کے حوالے سے بتایا کہ وہ آمر بننے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے کہ ہر چیز اُن کے گرِد گھومے۔

اسپیکر کے طور پر ریپبلیکن اکثریت والے ایوان نمائندگان میں 247 ارکان کی جانب سے رائے دہی کے بعد، جمعرات کو کسی وقت، ایوان کے تمام 435 ارکان اس ضمن میں باضابطہ ووٹ دیں گے۔

اسپیکر منتخب ہونے پر رائن امریکی سیاست کے ایک مضبوط ترین شخص بن کر سامنے آئیں گے۔ یہ عہدہ اُس وقت خالی ہوا جب ریپبلیکن پارٹی ہی کے جان بینر نے کانگریس سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا۔
رائن ریپبلیکن پارٹی کے ایک پھرتیلے ترجمان خیال کیے جاتے ہیں، جو حکومتی اخراجات میں کٹوتی اور بجٹ کے سالانہ خسارے میں کمی لانے کے سرکردہ حامی رہے ہیں۔

سنہ 2012کے قومی انتخابات میں، نائب صدارت کے لیے وہ ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار تھے، اور منتخب نہیں ہو سکے تھے۔

XS
SM
MD
LG