رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ دفاع کا دورۂ بھارت؛ دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت


وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن بھارت کے دورے پر ہیں۔
وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن بھارت کے دورے پر ہیں۔

امریکہ اور بھارت میں دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے اعلیٰ عہدے دار پیر کو نئی دہلی میں ملاقات کررہے ہیں۔

دفاعی امور سے متعلق بات چیت کے لیے امریکہ کے وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن بھارت کے دورے پر نئی دہلی پہنچے ہیں۔ اعلیٰ سطح کی یہ ملاقاتیں ایک ایسے وقت میں ہورہی ہیں جب رواں ماہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی امریکہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔

بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن سے ہونے والی بات چیت کے بارے میں ایک ٹویٹ میں بتایا کہ دو طرفہ اسٹریٹجک مفادات اور دفاعی تعاون میں اضافے کے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انڈو پیسیفک خطے میں بھارت اور امریکہ کی شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اسے مضبوط بنانے کے لیے ہم مل کر کام کررہے ہیں۔

اپنے بھارتی ہم منصب سے ملاقات کے بعد امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے، مشترکہ مشقوں اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی 22 جون کو امریکہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔

امریکہ خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے مقابلے کے لیے بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات بڑھانے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔

دوسری جانب بھارت جو ہتھیار اور جنگی ساز و سامان درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اپنی دفاعی ضروریات کے لیے زیادہ تر روس پر انحصار کرتا ہے۔ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ بھارت نے امریکہ، فرانس اور اسرائیل کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی ہتھیاروں کی خریداری میں اضافہ کیا ہے۔

بھارت اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے اور برآمدات کے لیے مقامی سطح پر ہتھیاروں کی تیاری کے لیے دفاعی ساز و سامان تیار کرنے والے ممالک سے تعاون میں اضافہ کا خواہاں ہے۔

اس خبر کے لیے بعض معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG