رسائی کے لنکس

امریکی صدر کا فوجی اسپتال، نائب صدر کا افغانستان کا غیر اعلانیہ دورہ


سالانہ تعطیلات کی روایت برقرار رکھتے ہوئے، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے دنیا کے مختلف مقامات پر امریکی فوجیوں سے ملاقات کی۔

ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ’والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر‘ کا دورہ کرکے زخمی سپاہیوں کی عیادت کی۔

جمعرات کی شام وائٹ ہاؤس سے روانہ ہوتے وقت اُنھوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’کچھ ہی لمحوں کے لیے ہم وہاں ہوں گے۔ لیکن، ہم اُنھیں ’میری کرسمس‘ کہنا چاہتے ہیں‘‘۔

اُنھوں نے اِن فوجیوں کو ’’ہر اعتبار سےدنیا کے بہادر ترین اہل کار‘‘ قرار دیا۔

اس دورے کے ایک روز بعد تعطیلات گزارنے کے لیے ٹرمپ دارالحکومت سے فلوریڈا میں واقع اپنے ’مار اے لاگو‘ کے صحت افزا مقام کی جانب روانہ ہوں گے۔

امریکی نائب صدر مائیک پینس جمعرات کو کرسمس سے پہلے بغیر کسی پیشگی اعلان کے افغانستان پہنچے، جہاں اُنھوں نے فوجیوں سے ملاقات کی جو امریکہ کی سب سے طویل جنگ لڑ رہے ہیں۔

سخت سکیورٹی کے حصار میں پینس بگرام کے ہوائی اڈے پر اترے، جہاں اُنھوں نے تقریباً 15000 امریکی اہل کاروں کا شکریہ ادا کیا، جو ابھی وہاں تعینات ہیں۔

بعدازاں، وہ کابل پہنچے جہاں اُن کی ملاقات افغان صدر اشرف غنی اور چیف اگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ہوئی۔ پینس نے اُنھیں بتایا کہ ’’صورت حال کا مشاہدہ کرنے کے لیے‘‘ ٹرمپ انتظامیہ افغان قائدین کے ساتھ کھڑی ہے۔

پینس نے غنی کو یقین دلایا کہ دونوں ملک ’’طویل وقت سے ایک ساتھ چل رہے ہیں‘‘ اور یہ کہ امریکہ امن اور سلامتی کے حصول کے لیے افغانستان کی مدد کا عزم اور حوصلہ رکھتا ہے۔

ادھر، ملک کے قریب، وزیر دفاع جِم میٹس جمعرات کے روز کیوبا میں بحریہ کے اڈے، گوانتانامو بے کا دورہ کرکے امریکی فوجیوں سے ملاقات کی۔

XS
SM
MD
LG