رسائی کے لنکس

شام کو اسلحہ فروخت نہ کیا جائے، کیری کا روس سے مطالبہ


امریکہ کے اعلیٰ سطحی سفارت کار نے کہا ہے کہ واشنگٹن اِس بات کو پسند کرے گا کہ روس شام کو اِس نوعیت کا اسلحہ فراہم نہ کرے

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ شام کو اعلیٰ سطح کا دفاعی نظام فروخت نہ کرے، یہ کہتے ہوئے کہ ایسا کرنا اسرائیل کی سلامتی کے لیے عدم استحکام کا باعث بنے گا، جو امریکہ کا ایک کلیدی اتحادی ہے۔

کیری نے یہ بیان جمعرات کے دِن روم میں دیا، جس سے قبل ’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے خبر دی تھی کہ اسرائیل نے روس کی طرف سے شام کو، جو روس کا ایک طویل مدت سے اتحادی رہا ہے، ایس 300میزائل بیٹریز فروخت کرنے سے متعلق قبل از وقت انتباہ جاری کیا ہے۔

امریکہ کے اعلیٰ سطحی سفارت کار نے کہا ہے کہ واشنگٹن اِس بات کو ترجیح دیگا کہ روس شام کو اِس نوعیت کا اسلحہ فراہم نہ کرے۔

اسرائیلی عہدے داروں نے مغربی خبر رساں اداروں کو بتایا کہ اُنھوں نے بھی روس سے اِن میزائلوں کی منتقلی کو منسوخ کرنے کے لیے کہا ہے، جن کے باعث شام اس قابل بن جائے گا کہ وہ اسرائیل یا اُس کے مغربی اتحادیوں کے کسی فضائی حملے کے خلاف اپنا دفاع کر سکے۔

’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے کہا ہے کہ اسرائیل سمجھتا ہے کہ شام نے روس سے ایس300 قسم کی میزائل بیٹریز حاصل کرنے کے لیے رقوم بھیجنا شروع کردی ہیں، جس کی پہلی کھیپ اُسے تین ماہ کے اندر اندر مل سکتی ہے۔

رپورٹ کے بارے میں روس نے فوری طور پر کوئی ردِ عمل ظاہر نہیں کیا۔
XS
SM
MD
LG