رسائی کے لنکس

ایف بی آئی کے نئے ڈائریکٹر کی نامزدگی کی توثیق


فائل
فائل

پچاس سالہ کرسٹوفر رے جیمز کومی کی جگہ سنبھالیں گے جنہیں صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے رواں سال مئی میں ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

امریکی سینیٹ نے بھاری اکثریت سے کرسٹوفر رے کی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے سربراہ کی حیثیت سے تقرری کی توثیق کردی ہے۔

سو رکنی سینیٹ نے منگل کی شام پانچ کے مقابلے میں 92 ووٹوں سے کرسٹوفر رے کی تعیناتی کی منظوری دی۔

پچاس سالہ کرسٹوفر رے جیمز کومی کی جگہ سنبھالیں گے جنہیں صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے رواں سال مئی میں ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

کرسٹوفر رے کی تعیناتی ایسے وقت عمل میں آئی ہے جب 'ایف بی آئی' میں گزشتہ سال کے امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے منتظمین کے روس کے ساتھ مبینہ رابطوں کی تحقیقات کا معاملہ گرم ہے۔

صدر ٹرمپ کے ناقدین کا الزام ہے کہ انہوں نے جیمز کومی کو بھی انہی تحقیقات کی وجہ سے فارغ کیا تھا کیوں کہ وہ صدر کی خواہش کے برعکس یہ تحقیقات ختم کرنے پر راضی نہیں تھے۔

اس کے برعکس ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیمز کومی کو ہیلری کلنٹن کے ای میل اسکینڈل کے خلاف مناسب تحقیقات نہ کرنے پر برطرف کیا گیا تھا۔

'ایف بی آئی' کے سربراہ کے عہدے کی مدت 10 سال ہوتی ہے اور ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ایجنسی کو اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر چلائیں گے۔

'ایف بی آئی' کے نئے ڈائریکٹر ایک سینئر وکیل ہیں جنہیں قومی سلامتی سے متعلق مقدمات کا وسیع تجربہ ہے۔

کرسٹوفر رے صدر جارج ڈبلیو بش کی حکومت میں نائب اٹارنی جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG