رسائی کے لنکس

پیرس حملوں میں ملوث داعش کا رہنما شام میں ہلاک


کرنل اسٹیو وارن نے اخباری بریفنگ کو بتایا کہ شراف المودان گزشتہ ہفتے 24 دسمبر کو ہلاک ہوا۔ اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ کی گئی فضائی کارروائیوں میں داعش 10 کمانڈر ہلاک ہوئے۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ داعش کا ایک رہنما، جس پر پچھلے ماہ پیرس میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کا سرغنہ ہونے کا الزام تھا، وہ شام میں اتحادی فورسز کی جانب سے ہونے والی فضائی کارروائی میں ہلاک ہو گیا ہے۔

اتحاد کے ایک ترجمان، کرنل اسٹیو وارن نے منگل کے روز ایک اخباری بریفنگ کو بتایا کہ شراف المودان گزشتہ ہفتے، 24 دستمبر، کو ہلاک ہوا۔

اُنھوں نے بتایا کہ مودان کے عبد الحامد عبود کے ساتھ تعلق تھا، جن کے لیے کہا جاتا ہے کہ وہ پیرس حملوں کے سرگرم سیل کے ساتھ رابطے میں تھا۔ پیرس میں ہوئے مربوط حملوں میں کم ازکم 130 افراد ہلاک ہوئے۔

عبود 13 نومبر کو پیرس حملوں کے چند ہی روز بعد پولیس کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوا۔

وارن نے بتایا کہ مودان ’مغرب کے خلاف اضافی حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے سرگرم تھا‘۔ لیکن، اُنھوں نے وضاحت نہیں کی اگر وہ امریکہ یا یورپ یا دونوں کو ہدف بنانے کی کوششیں کر رہا تھا۔

وارن نے توجہ دلائی کہ اتحاد کی جانب سے گزشتہ ماہ کیے گئے فضائی حملوں میں داعش کے کُل 10 ’قائدانہ شخصیات‘ کو ہلاک کیا گیا۔

اُنھوں نے بتایا کہ ’جہاں تک داعش کے بیرونی حملوں کی سرگرم منصوبہ بندی کرنے والوں کا تعلق ہے، امریکی فوج اُنھیں نشانہ بنا کر ہلاک کرے گی‘۔

XS
SM
MD
LG