رسائی کے لنکس

داعش کے خلاف لڑائی نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے: امریکہ


امریکہ اپنے اتحادیوں کو یہ یقین دہانی کرا رہا ہے کہ شام سے امریکی فوجوں کے ممکنہ انخلا کے باوجود، امریکہ اُنھیں چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، نہ ہی داعش کے دہشت گرد گروپ کو تباہ کرنے کی اُن کی کوششوں کو ترک کیا جائے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے یہ بات داعش کو شکست دینے کے لیے تشکیل کردہ 79 ارکان پر مشتمل عالمی اتحاد کے واشنگٹن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ’’ایسے میں جب لڑائی کی نوعیت تبدیل ہو رہی ہے‘‘، امریکی اہداف میں کسی طرح کا کوئی فرق نہیں آیا۔

کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے، پومپیو نے اپنے کلمات میں کہا کہ ’’بس اتنا ہے کہ پرانی لڑائی کا یہ ایک نیا موڑ ہے‘‘۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ ’’فوجوں میں کمی کا معاملہ زیادہ تر حکمت عملی کی تبدیلی کا ہے۔ اس کا مشن کی تبدیلی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے‘‘۔

پومپیو نے کہا کہ ’’اس لڑائی میں ہم اب بھی آپ کے ساتھ ہوں گے‘‘۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے متعدد اتحادیوں اور ساتھیوں کے ساتھ ساتھ اپنے چند فوجی کمانڈروں کو اُس وقت حیران کر دیا تھا جب اُنھوں نے دسمبر میں داعش کے خلاف فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2000 کے قریب امریکی فوج کو شام سے وطن واپس بلایا جا رہا ہے۔

تب سے وائٹ ہاؤس اور دیگر اعلیٰ امریکی اہلکار اس بات کی وضاحت کرتے رہے ہیں کہ دہشت گرد گروپ کی خودساختہ خلافت کا علاقے سے مکمل طور پر صفایا کر دیا گیا ہے، امریکہ سمجھتا ہے کہ گروپ کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔

منگل کی رات اپنے ’اسٹیٹ آف دی یونین‘ خطاب میں ٹرمپ نے داعش کے خلاف جنگ میں حاصل کردہ پیش رفت کی تعریف کی۔ لیکن، شام سے امریکی فوجوں کے انخلا کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔

ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس کو بتایا کہ ’’ہم نے خون کے پیاسے عفریت کے چنگل سے تقریباً تمام علاقہ واگزار کرا لیا ہے۔ اب جب کہ ہم اپنے اتحادیوں سے مل کر داعش کے باقی ماندہ عناصر کو تباہ کر رہے ہیں، وقت آگیا ہے کہ ہم شام میں تعینات اپنے بہادر فوجیوں کی وطن واپسی کا گرمجوشی سے خیرمقدم کریں‘‘۔

لیکن، یہ بات واضح نہیں آیا امریکی فوجیں شام سے کب واپس آئیں گی۔

وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاون لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ ترین خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔

ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنکس پر کلک کریں۔

اینڈرائڈ فون کے لیے:

XS
SM
MD
LG