رسائی کے لنکس

کیوبا کے 15 سفارت کاروں کو امریکہ چھوڑنے کا حکم


فائل
فائل

محکمہٴ خارجہ کے ایک اعلیٰ اہل کار نے منگل کے روز اخباری نمائندوں کو بتایا کہ کیوبا کے سفارت کاروں کے پاس ملک چھوڑنے کے لیے سات دِن کا وقت ہے

امریکہ نے کیوبا کی حکومت کو مطلع کردیا ہے کہ واشنگٹن میں کیوبا کے سفارت خانے کے 15 اہل کاروں کو ملک سے چلےجانے کا حکم دیا گیا ہے۔

محکمہٴ خارجہ کے ایک اعلیٰ اہل کار نے منگل کے روز اخباری نمائندوں کو بتایا کہ کیوبا کے سفارت کاروں کے پاس ملک چھوڑنے کے لیے سات دِن کا وقت ہے۔

اس اعلان سے تقریباً ایک ہفتہ قبل امریکہ نے ہوانا میں اپنے سفارت کاروں کی تعداد کم کردی تھی، جس کا سبب کیوبا میں امریکی اہل کاروں پر حملے کا پراسرار معاملہ تھا۔

محکمہٴ خارجہ کے اعلیٰ اہل کار نے مزید کہا کہ ’’طبی بنیادوں پر‘‘ ہوانا میں صحت پر حملوں سے متاثر ہونے والے امریکی سفارت کاروں کی تعداد 21 سے بڑھ کر 22 ہو گئی ہے۔

منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے واشنگٹن سے نکالے جانے والے کیوبا کے اہل کاروں سے متعلق فیصلے کی وضاحت کی۔

ٹلرسن نے کہا کہ ’’یہ فیصلہ اس بنا پر کیا گیا کہ ویانا کنوینشن کی رو سے فرائض بجا لانے میں کیوبا کی جانب سے کوتاہی برتنے پر اپنے سفارت کاروں کو مناسب تحفظ کی فراہمی ضروری ہوگئی تھی‘‘۔

بقول اُن کے، ’’اس حکم کے نتیجے میں ہماری سفارتی کارروائیوں میں برابری کو یقینی بنایا جائے گا‘‘۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کیوبا کے ساتھ امریکہ کے سفارتی تعلقات بحال ہیں اور ان حملوں کی تفتیش کے سلسلے میں کیوبا کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔



XS
SM
MD
LG