انسداد دہشت گردی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے، امریکہ نے اپنی سفری پابندیوں کو بڑھاتے ہوئے اس فہرست میں اُن غیر ملکی سیاحوں کو شامل کیا ہے جو ’ویزا ویور پروگرام‘ کے تحت لبییا، صومالیہ اور یمن کا دورہ کرتے ہیں۔ ایسے مسافروں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ عام ویزا حاصل کرنے کی درخواست دیں۔
امریکی محکمہٴ ہوم لینڈ سکیورٹی نے جمعرات کو بتایا کہ لیبیا، صومالیہ اور یمن اُس فہرست میں شامل ہوں گے جس میں ایران، شام اور سوڈان کا شمار ہوتا ہے، جن کے دہشت گردی کی سرگرمیوں کے ساتھ گہرے مراسم ہیں، جن کی مکمل چھان بین لازم ہے۔
محکمہٴ ہوم لینڈ سکیورٹی کے الفاظ میں، ’’اِن اضافی ملکوں کی شمولیت سے اِس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ محکمہ غیر ملکی لڑاکوں سے درپیش خطرات پر دھیان مرکوز کیے ہوئے ہے‘‘۔
کیس کی مختلف نوعیت کی بنا پر سفر کی پابندی میں استثنیٰ دیا جاسکتا ہے۔
عام اصول کے لحاظ سے، وہ لوگ ویزا استثنیٰ کے اہل ہیں جِن کا تعلق بین الاقوامی اداروں سے، غیر سرکاری تنظیموں کے انسانی ہمدردی کے کام سے وابستہ لوگوں سے ہے، یا وہ صحافی ہیں یا ایسے لوگ ہیں جو ضروری کاروبار کے سلسلے مین یا طبی بنیادوں پر امریکہ کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔