رسائی کے لنکس

امریکہ کا پاک بھارت فائر بندی معاہدے پر عمل درآمد کے اعلان کا خیر مقدم


محکمۂ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ (فائل فوٹو)
محکمۂ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ (فائل فوٹو)

قبل ازیں چین نے بھی پاکستان اور بھارت کی طرف سے فائر بندی کے سمجھوتے پر عمل کرنے کے عزم کو مثبت پیش رفت قرار دیتے اسے سراہا تھا۔

امریکہ نے پاکستان اور بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر 2003ء طے پانے والے سمجھوتے پر پوری طرح عمل درآمد کرنے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا دونوں ملکوں اور خطے کے لیے اہم ہے۔

امریکہ کے محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ "امریکہ ان رپورٹس کا خیر مقدم کرتا ہے کہ بھارت اور پاکستان کی افواج نے لائن آف کنٹرول پر 2003ء کے فائر بندی سمجھوتے پر پور ی طرح عمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔"

امریکی ترجمان کے بیان سے دو روز قبل پاکستان اور بھارت نے دونوں ملکوں کے درمیان 2003ء میں طے پانے سمجھوتے پر عمل درآمد کو یقنی بنانے پراتفاق کیا تھا۔

پاکستان فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں ملکوں کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول کی موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لیا تھا اور دونوں فوجی افسران نے صورتِ حال کو بہتر کرنے کے عمل کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا تھا کہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں دونوں فریق تحمل سے کام لیں گے اور اختلافات کو مقامی کمانڈرز کی سطح پر ہاٹ لائن رابطے اور فلیگ میٹنگ کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

قبل ازیں چین نے بھی پاکستان اور بھارت کی طرف سے فائر بندی کے سمجھوتے پر عمل کرنے کے عزم کو مثبت پیش رفت قرار دیتے اسے سراہا تھا۔

چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ہوواچن ینگ نے 31 مئی کو معمول کی بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ چین توقع کرتا ہے کہ دونوں فریق علاقائی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے متعلقہ اختلافات کو مذاکرات اور مشاورت سے مناسب طریقے سے حل کرتے رہیں گے۔

حالیہ برسوں میں کشمیر کو بھارت اور پاکستان کے زیرِ انتظام حصوں میں جدا کرنے والی' لائن آف کنٹرول' اور ورکنگ باؤنڈری پر تواتر سے ہونے والا فائرنگ کا تبادلہ دونوں جانب جانی و مالی نقصان کا باعث بنتا رہا ہے اور دونوں ملک ایک دوسرے پر فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG