رسائی کے لنکس

وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو بھارت سے شکست


بنگلہ دیش کی ٹیم بھارت کی جانب سے دیا گیا 324 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم محض 84 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 240 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ 324 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم صرف 84 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

لندن میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کو جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا، صرف 21 رنز پر روہت شرما اور اجنکیا رہانے آؤٹ ہو گئے، دونوں نے بالترتیب ایک اور 11 رنز بنائے۔

ابتدائی نقصان کے بعد شیکھرا دھاون اور دنیش کارتھک نے اننگز کو آگے بڑھایا اور عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 100 رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔ شیکھر دھون 60 رنز بناکر دنیش کارتھک کا ساتھ چھوڑ گئے۔

دنیش کارتھک اور ہردک پانڈیا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 324 رن تک پہنچا دیا۔ کارتھک 94رنزبناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے جبکہ پانڈیا نے ناقابل شکست 80 رنز بنائے۔

مشکل ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، مہدی حسن مرزا 24، سنزملاسلام 18 اور مشفق الرحیم کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا اور پوری ٹیم محض 84 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ یوں بھارت نے 240 رنز کے بڑے مارجن سے فتح اپنے نام کر لی۔

بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار اور امیش یادو نےتین، تین جبکہ محمد شامی، بومرہ، پانڈیا اور ایشون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پہلے وارم اپ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف 341 رنز بنائے تھے جواب میں فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بنگلہ دیش کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

XS
SM
MD
LG