ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر، الزبیتھ وارن نے ہفتے کے روز صدارتی انتخاب لڑنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ اُنھوں نے اس بات کا اعلان ریاست میساچیوسٹس کے شہر لارنس میں کیا جو صنعتی کارکنان کا شہر ہے۔ اُنھوں نے 2020ء کی صدارتی مہم کی بنیاد رکھتے ہوئے معاشی ناانصافی سے لڑنے اور ''ایسا امریکہ قائم کرنے'' پر زور دیا، جو ''سب کو برابر حقوق کا ضامن ہے''۔
صدارتی مہم کے آغاز پر وارن نے تبدیلی کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ ''پسے ہوئے متوسط طبقے'' کی تکالیف کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے، جس کے باعث امریکہ ''امیروں کے احتساب پر کوئی خاص دھیان نہیں دیتا، جب کہ باقی طبقات کے لیے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں''۔
وارن اور اُن کے حامیوں کو توقع ہے کہ یہ پیغام اُنھیں ڈیموکریٹ پارٹی کے ممکنہ امیدواروں میں نمایان کرے گا، جب کہ ماضی میں وہ اپنے مقامی اصل امریکی ورثے سے متعلق اُن کے دعوے پر سر اٹھانے والا تنازعہ قصہ پارینہ بن جائے گا۔
اُنھوں نے اپنے کلمات میں 'میڈیکئر سب کے لیے' اور 'واشنگٹن لوبیئنگ کا خاتمہ' لانے کے لیے آواز بلند کی۔ وارن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر براہ راست حملے سے گریز کیا۔
برعکس اس کے، اُنھوں نے وسیع تر اداروں میں تبدیلی لانے کی بات کی، اور اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ ''ایسی حکومت وجود میں آنی چاہیئے جو مختلف قسم کی راہیں تلاش کرے، ایسے راستے جو ہمارے اقدار کی صحیح ترجمانی کریں''۔
وارن نے صدارتی امیدوار ہونے کا اعلان میساچیوسٹس کے اپنے آبائی حلقے کی ایک صنعتی تنصیب میں کیا، جہاں 100سال قبل تارکین وطن فیکٹری کارکنان نےاپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی تھی۔ وہ مزدوروں کے حقوق کی حامی رہی ہیں اور اُسی پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے، اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔
ڈیموکریٹک پارٹی کی نامور رہنما نے عہدہ صدارت میں دلچسپی کا اعلان کیا، اور کہا کہ وہ نئے سال کے موقع پر امکانات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک باضابطہ کمیٹی تشکیل دیں گی۔