رسائی کے لنکس

لیڈز ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی شاندار فتح


ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو اسی کی سر زمین پر 17 سال بعد شکست دی ہے جبکہ برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

لیڈز ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے ہرا کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔

ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو اس کی اپنی سرزمین پر 17 سال بعد شکست دی ہےجبکہ برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 209 رنز سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز ویسٹ انڈیز نے 322 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 5 رنز بغیر کسی نقصان اننگز شروع کی۔

انگلینڈ کو جلد ہی پہلی کامیابی اس وقت ملی جب پاول 23 رنز بناکر اسٹیورٹ براڈ کی گینڈ پر اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ کائل ہوپ بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پرمہمان ٹیم کے لئے ہدف کا حصول مشکل نظر آرہا تھا لیکن بریتھویٹ اور شائے ہوپ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 144 رنز جوڑ کر جیت کی بنیاد رکھ دی۔

بریتھویٹ شاندار 95 رنز کی اننگز کھیل کر شائے ہوپ کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 197 رنز تھا۔

شائے ہوپ نے روسٹن چیس کے ساتھ مل کر جیت کی راہ پر سفر جاری رکھا اور چار وکٹوں کے نقصان پر اسکور 246 تک پہنچا کر ٹیم کو جیت فتح کے مزید قریب کردیا۔

چیس 30 رنز بناکر اسٹوکس کو وکٹ دے بیٹھے۔

نئے آنے والے بیٹسمین جرمین بلیک ووڈ نے تیز رفتار 41 رنز کی اننگز کھیل کر اسکور 320 رنز تک پہنچا دیا تاہم جیت میں صرف 2 رنز باقی تھے کہ وہ معین علی کی گیند پر متبادل کھلاڑی کرین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس طرح ویسٹ انڈیز نے 322 رنز کاہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کر دیا۔

سترہ سال بعد یہ پہلا موقع ہے جب ویسٹ انڈیز نے انگلش ٹیم کو اسی کی سرزمین پر مات دی ہے۔

شائے ہوپ نے ناقابل شکست 118 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں بھی سنچری اسکور کی تھی۔

وہ ہیڈنگلے لیڈز میں کسی بھی فرسٹ کلاس میچ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

انگلینڈ کی طرف سے معین علی نے دو جبکہ کرس ووکس اور اسٹیورٹ براڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آخری اسکور یہ رہا۔ انگلینڈ 258 اور 490 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔ ویسٹ انڈیز 427 اور 322 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ۔

سیریز کا فیصلہ کن ٹیسٹ 7ستمبر سے لارڈز، لندن میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG