رسائی کے لنکس

سکیورٹی خطرے کی اطلاع، وائٹ ہاؤس بریفنگ میں کچھ دیر کا رخنہ


جیمز بریڈی بریفنگ روم میں جب وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری جوش ارنیسٹ اخباری نمائندوں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے، کہ دو بجے جاری بریفنگ میں تعطل آیا

واشنگٹن میٹروپولٹن کے محکمہٴپولیس کی جانب سے ٹیلی فون پر بم کی اطلاع موصول ہونے پر، امریکی سیکرٹ سروس کے ایجنٹس نے منگل کی شام وائٹ ہاؤس بریفنگ روم کو کچھ دیر کے لیے خالی کرایا۔

یہ اطلاع اُس وقت آئی جب وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری، جوش ارنیسٹ اخباری نمائندوں کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔

علاقے کی تلاشی کے لیے سیکرٹ سروس کے ’سنائفر ڈاگس‘ کو تعینات کیا گیا۔

کچھ ہی دیر کے بعد، اخباری نمائندے بریفنگ روم لوٹ آئے اور پھر سے بریفنگ شروع ہوئی۔
اس سے قبل، امریکی کانگریس کی پولیس نے سینیٹ کی عمارت کو خالی کرایا، جہاں ’ایئرپورٹ سکیورٹی‘ پر سماعت جاری تھی۔ وہاں موجود افراد کو باہر نکالا گیا۔ سینیٹ کی ’ڈرکسن بلڈنگ‘ میں مشتبہ پیکیٹ کے بارے میں اطلاع ملی تھی۔

کیپیٹل پولیس نے عمارت کی چند منزلوں کو خالی کرایا۔ لیکن، تلاشی کے دوران، اُنھیں کسی قسم کا کوئی مضر مواد نہیں ملا۔

وائٹ ہاؤس پریس سکریٹری جوش ارنیسٹ نے کہا ہے کہ اُن کے علم میں یہ بات نہیں، آیا اِن دونوں اطلاعات کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق ہے۔

XS
SM
MD
LG