رسائی کے لنکس

مواخذے کی کارروائی: صدر ٹرمپ کی ٹیم آج سے دلائل کا آغاز کرے گی


صدر ٹرمپ کی دفاعی ٹیم آج اپنا کیس پیش کرے گی۔ رواں ہفتے دلائل، مزید شواہد اور گواہان کی طلبی پر بحث کا سلسلہ جاری رہے گا۔ (فائل فوٹو)
صدر ٹرمپ کی دفاعی ٹیم آج اپنا کیس پیش کرے گی۔ رواں ہفتے دلائل، مزید شواہد اور گواہان کی طلبی پر بحث کا سلسلہ جاری رہے گا۔ (فائل فوٹو)

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی پیر کو بھی سینیٹ میں جاری رہے گی جس کے دوران صدر ٹرمپ کی دفاعی ٹیم آج سے اپنے دلائل کا آغاز کرے گی۔

ری پبلکن پارٹی کے اکثریتی ایوان سینیٹ میں جاری صدر ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کے دوران ڈیموکریٹس اپنے دلائل مکمل کر چکے ہیں جب کہ گواہان کی طلبی کے لیے رواں ہفتے ووٹنگ کا امکان ہے۔

صدر ٹرمپ کی دفاعی ٹیم آج سے اپنے دلائل شروع کرے گی اور صدر کی لیگل ٹیم میں شامل کینتھ اسٹار صدر کا دفاع کرتے ہوئے کیس پیش کریں گے۔

صدر ٹرمپ کے دفاع کے حق میں منگل کو بھی دلائل کا سلسلہ جاری رہے گا اس دوران سینیٹ میں لیگل ٹیم پریزنٹیشن دے گی۔

اس سے قبل سینیٹ میں مواخذے کی کارروائی کے حق میں دلائل دینے والے ڈیموکریٹس کے پراسیکیوٹر ایڈم شف نے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ نے رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں کامیابی کی غرض سے اپنے ممکنہ حریف جو بائیڈن کے خلاف تحقیقات کرنے کے لیے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی پر دباؤ ڈالا تھا۔

اُن کے بقول، "صدر ٹرمپ کا اقدام صدارتی آفس کے اختیارات کے غلط استعمال کے مترادف ہے اور اس عمل کی وجہ سے وہ صدارت کے منصب پر فائز نہیں رہ سکتے۔"

مواخذے کی کارروائی میں آگے کیا ہوگا؟

صدر ٹرمپ کی دفاعی ٹیم کے پاس دلائل دینے کے لیے دو دن کا وقت ہو گا جس کے بعد تیسرے روز یعنی بدھ کو سینیٹرز صدر ٹرمپ کی ٹیم سے سوالات پوچھیں گے اور صدر ٹرمپ کی ٹیم کو مواخذے کی کارروائی پر اعتراضات اٹھانے کا حق ہو گا۔

دو روز کے دوران صدر ٹرمپ کی قانونی ٹیم کی طرف سے دیے گئے دلائل پر جمعرات کو سینیٹرز سوالات اٹھا سکتے ہیں اور یہ سوالات تحریری طور پر مواخذے کی کارروائی کی سماعت کرنے والے جج چیف جسٹس جان رابرٹس کو پیش کیے جائیں گے۔

اسی روز یہ بحث بھی متوقع ہے کہ مواخذے کی کارروائی میں مزید گواہ اور دستاویزات منگوانی ہیں یا نہیں۔

صدر کے مواخذے کی جمعے کو ہونے والی کارروائی کے دوران صرف یہ بحث کی جائے گی کہ گواہوں کو طلب کیا جائے یا نہیں اور اس پر ووٹنگ بھی ہوگی۔

اگر سینیٹ نے اس حق میں ووٹ دیا کہ مزید گواہ اور دستاویزات طلب کی جائیں تو مواخذے کی کارروائی طول پکڑ سکتی ہے۔ تاہم امکان ہے کہ ڈیموکریٹس کو اس حوالے سے ووٹنگ میں شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ سینیٹ میں ری پبلکن کو ڈیموکریٹس پر اکثریت حاصل ہے۔ ایوان میں ڈیموکریٹس کے 45 اور دو آزاد رکن ہیں جب کہ ری پبلکن پارٹی کے پاس 100 کے ایوان میں 53 ووٹ ہیں۔

سینیٹ میں آئندہ ہفتے پیر یا منگل کو صدر ٹرمپ کا مواخذہ کرنے یا اُنہیں الزامات سے بری کیے جانے سے متعلق ووٹنگ ہو گی۔

XS
SM
MD
LG