رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ میں کون سے 5 اسپنرز کا کردار اہم ہوگا؟


انگلینڈ کے موسم اور وکٹوں کو دیکھتے ہوئے کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے افراد پیشگوئی کررہے ہیں کہ آنے والے ورلڈ کپ میں اسپنرز کا کردار کتنا اہم ہوگا۔

ماہرین کرکٹ کے مطابق میگا ایونٹ کے ہرمیچ میں مڈل اوورز کے دوران بیٹسمین کو رنز لینے سے روکنے اور وکٹ حاصل کرنے کے لئے اسپنرز کا کردار اور بڑھ گیا ہے۔

آئیے دیکھتے ہیں دنیا کے وہ کون سے 5 بہترین بولر ہیں جو اپنی اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردا ادا کرسکتے ہیں:

کلدیپ یادیو۔ بھارت:

تیسرے ورلڈ کپ ٹائٹل کے حصول کی کوشش میں چائنا مین بولر کلدیپ یادیو کو بھارت کا اہم ہتھیار قرار دیا جارہا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریزمیں کلدیپ یادیو نے 9 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم یہ سیریز دو صفر سے میزبان ملک انگلینڈ کے نام رہی تھی۔

کلدیپ نے 44 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 85 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں لیکن حالیہ دنوں میں وہ بہت اچھی فارم میں نہیں ہیں۔

انڈین پریمئر لیگ میں وہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 9 میچوں میں صرف 4 وکٹیں ہی لے سکے ہیں جبکہ رنز بھی زیادہ دیئے جس کی وجہ سے انہیں ٹورنامنٹ کے دوسرے ہاف میں ڈراپ کردیا گیا تھا لیکن کلدیپ اب بھی بھارتی ٹیم کی بڑی قوت ہیں۔

راشد خان ۔ افغانستان

افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان دنیائے کرکٹ کے ان چند بولرز میں سے ایک ہیں جو اپنی بولنگ میں گزشتہ دو سال کے دوران بہت بہتری لائے ہیں۔

آئی سی سی بولرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود راشد خان کی فارم دوسال کے دوران حیرت انگیز رہی ہے اور کرکٹ کی دنیا میں افغانستان کے تیزی کے ساتھ عروج میں ان کا اہم کردار ہے۔

بیس سالہ افغان بولر نے سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کرتے ہوئے آئی پی ایل 2019ء کے 15 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔

نیتھون لیون ۔ آسٹریلیا

نیتھون لیون کو آسٹریلیا کا اہم اسپن باوؑلنگ آپشن قرار دیا جا رہا ہے، انہوں نے کرکٹ کے طویل ترین فارمیٹ میں آسٹریلیا کو کئی میچ جتوائے ہیں۔

لیون نے محدود اوور کے میچز بہت زیادہ نہیں کھیلے صرف 25 ایک روزہ میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کا تجربہ آرون فنچ کی ٹیم کو ٹائٹل کے دفاع میں مدد گار ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ لیون کا پہلا ورلڈ کپ ہے لیکن ان کی آف اسپن بولنگ آسٹریلیا کے بولنگ اٹیک کا مہلک ہتھیاراور حریف ٹیموں کے لئے خطرہ ہوسکتی ہے۔

عمران طاہر ۔ جنوبی افریقا

عمران طاہر اچھی پرفارمنس دے کر اپنے آخری ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کی ٹیم کو پہلی بارورلڈ چیمپئن بنانے کے لئے بے چین ہیں۔

عمران ظاہر نے 98 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پروٹیز کی نمائندگی کی ہے اور 162 وکٹیں حاصل کی ہیں، ان کی بہترین بولنگ 45 رنز کے عوض 7 وکٹیں ہے۔

عمران طاہر حال ہی میں آئی پی ایل سے فارغ ہوئے ہیں جہاں انہوں نے چنئی سپر کنگز کی طرف سے 17 میچوں میں 26 وکٹیں لے کر پرپل کیپ حاصل کی تھی۔

شکیب الحسن ۔ بنگلادیش

32 سالہ شکیب الحسن ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے اسپن اٹیک سب سے نمایاں ہوں گے۔ شکیب الحس کی بیٹنگ میں مہارت کے ساتھ ساتھ کپتان مشرفی مرتضیٰ اپنے سب سے تجربہ کار بولر سے توقع رکھیں گے کہ وہ میچ کے درمیانی مرحلے میں اہم وکٹیں لے کر دیں۔

بنگلادیش کے سینئر کرکٹر نے 198 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 249 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

شکیب الحسن نے کھیل کے تینوں فارمیٹ میں بنگلادیش کو فتح دلانے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے تاہم حالیہ دنوں میں وہ انجری مسائل کا شکار رہے ہیں جو ٹیم کے لئے پریشانی کی بات ہے۔

XS
SM
MD
LG