رسائی کے لنکس

میکسیکو کے ڈرگ لارڈ ایل چیپو کی اہلیہ کا منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کا اعترافِ جرم


میکسیکو کے منشیات کے سب سے بڑے اسمگلر جوکین گزمین المعروف 'ایل چیپو' کی اہلیہ ایما کورنیل ایسپورو -
(فائل فوٹو)
میکسیکو کے منشیات کے سب سے بڑے اسمگلر جوکین گزمین المعروف 'ایل چیپو' کی اہلیہ ایما کورنیل ایسپورو - (فائل فوٹو)

میکسیکو کے منشیات کے سب سے بڑے اسمگلر جوکین گزمین المعروف 'ایل چیپو' کی اہلیہ ایما کورنیل ایسپورو نے منشیات کے دھندے میں ملوث ہونے اور اپنے شوہر کی معاونت کے جرائم کا اعتراف کیا ہے۔

امریکہ میں گرفتار ملزمہ وفاقی استغاثہ کے عائد کردہ الزامات پر پلی بارگین پر بھی رضامند ہو گئی ہیں۔

جمعرات کو امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی وفاقی عدالت کے سامنے پیشی کے دوران ایما نے پلی ڈیل سمجھوتے کے تحت تین وفاقی الزامات پر اقبال جرم کیا ہے۔

ایل چیپو کی اہلیہ نے عدالت کے روبرو اس بات کا اقرار کیا کہ انہوں نے مبینہ جرائم پر مبنی اربوں ڈالر کی ملکیت اکٹھی کرنے کے کالے دھندے میں اپنے شوہر ایل چیپو کا پورا ساتھ دیا تھا۔

وفاقی عدالت کے سامنے پیشی کے دوران ایما نے جیل کی سبز رنگ کی وردی پہن رکھی تھی اور اس دوران انہوں نے جج سے پلی بارگین کی استدعا کے ساتھ اقبال جرم کیا۔

عائد فرد جرم کے مطابق ایل چیپو کئی برسوں تک ہیروئن، کوکین، چرس اور دیگر نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ کا دھندا کرنے کی دانستہ کارروائیاں کرتا رہا۔

ایل چیپو کی اہلیہ نے منی لانڈرنگ کی سازش کے الزام کے علاوہ منشیات کے غیر ملکی اسمگلروں کے ساتھ کالے دھندے میں ملوث ہونے کے الزام پر بھی اقرار جرم کیا ہے۔

ایل چیپو کو جنوری 2016ء میں میکسیکو کی حکومت نے ملک کے شمالی علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا جو منشیات کی دنیا کے بدنام ترین اسمگلر کا شہرہ رکھتا تھا۔

گرفتار ہونے سے چھ ماہ قبل ایل چیپو نے ایک میل لمبی زیرِ زمین سرنگ کے ذریعے میکسیکو کے سخت سکیورٹی والے قیدخانے کے حصار سے بھاگ نکلنے کی کوشش کی تھی۔

ایل چیپو کو 2017 میں فروری میں ورجینیا کے ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا اور وہ تب سے جیل میں ہیں اور انہیں عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔

جمعرات کو کمرہٴ عدالت کے باہر ایما کورنیل ایسپورو کے وکیل جیفری لچمن نے بتایا کہ ''وہ معاملے کو پسِ پشت ڈالے جانے پر بہت خوش ہیں۔"

ان کے بقول اپنے شوہر کو عمر قید کی سزا ہونے کے بعد ایما کورنیل ایسپورو کا خیال تھا کہ انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا اس لیے یہ وقت ان کے لیے ایک پریشان کن تھا، لیکن ہم اب اسے ایک قصہ پارینہ خیال کر رہے ہیں۔

استغاثہ نے ایما کورنیل ایسپورو پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ 'سینالوا کارٹیل' کی کمان اینڈ کنٹرول سے طویل عرصے تک جڑی رہیں اور منشیات کی بڑی کھیپ کی تقسیم کے دھندے سے وابستہ رہ چکی ہیں جب کہ انہیں اس بات کا بخوبی علم تھا کہ یہ منشیات امریکہ اسمگل کی جاتی ہیں۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ میکسیکو کا یہ بدنام ترین منشیات کا اسمگلر 25 برس تک کالے دھندے کا ایک کارٹیل چلاتا رہا جس کا کام کوکین اور دیگر منشیات امریکہ اسمگل کرنا تھا۔

ڈرگ کارٹیل دراصل ایک جرائم پیشہ گروہ کو کہا جاتا ہے جو منشیات کی تیاری اور تقسیم کو کنٹرول کرنے کے لیے تشکیل دیا جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ایل چیپو کے کارٹیل کے مبینہ کرائے کے قاتل اغوا، تشدد، اذیت دینے اور مخالفین کو اپنی راہ سے ہٹانے کے لیے قتل تک کر دیا کرتے تھے۔

سرکاری وکیل انتھونی نرڈوزی نے کہا کہ ایل چیپو کی اہلیہ امریکہ کو منشیات اسمگل کرنے میں 'سینالوا کارٹیل' کے مقاصد میں پیش پیش تھیں۔ انہوں نے مبینہ طور پر ساڑھے چار لاکھ کلو گرام کوکین، 90 ہزار کلوگرام ہیروئن، 45 ہزار کلوگرام میتھا فیٹامین اور 90 ہزار کلوگرام چرس امریکہ اسمگل کیا۔

ایل چیپو کی اہلیہ کو رواں سال کے آغاز میں گرفتار کیا گیا تھا اور یہ بات اس لیے حیران کن تصور کی جا رہی ہے کیوں کہ گزشتہ دو برس سے انہیں گرفتار کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی تھی، حالانکہ ان پر اپنے شوہر کے گھناؤنے دھندے میں ملوث ہونے کا الزام دیا گیا تھا۔

ایل چیپو کے مقدمے کی کارروائی کے دوران سال 2019 میں یہ بات بھی سامنے آ چکی ہے کہ ایل چیپو کی میکسیکو کی جیل سے دو بار رہائی کی مبینہ سازش ان کی بیوی نے ہی تیار کی تھی۔

عدالت کی کارروائی کے دوران جب ان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کے الزامات عائد کیے جا رہے تھے تو ایما کورنیل ایسپورو خاموشی سے سب سنتی رہیں۔

استغاثہ نے کہا کہ اگر ایما کورنیل ایسپورو پسند کریں تو مقدمے کی کارروائی کے دوران کالے دھندے سے متعلق تمام الزامات دہرائے جائیں گے۔

پیشی کے دوران جب جج نے استفسار کیا کہ آیا واقعی ایما کورنیل ایسپورو نے یہ سب جرائم سر زد کیے ہیں جس پر مترجم کے ذریعے ایما کورنیل ایسپورو نے اثبات میں جواب دیا۔

XS
SM
MD
LG