رسائی کے لنکس

میکسیکو کے ڈرگ لارڈ ایل چیپو کی اہلیہ امریکہ میں گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

میکسیکو کے منشیات کے سب سے بڑے اسمگلر جوکین گزمین المعروف 'ایل چیپو' کی اہلیہ کو امریکہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

امریکہ کے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ایل چیپو کی 31 سالہ اہلیہ اور ملکۂ حسن کے مقامی مقابلوں میں شریک ہونے والی ایما کورنیل ایسپورو کو ورجینیا میں ڈیلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر حراست میں لیا گیا۔

ایل چیپو کی اہلیہ کو اپنے شوہر کے منشیات کے اربوں ڈالر کے کاروبار کو چلانے اور امریکہ میں کوکین، ہیروئن، چرس، گانجا اور دیگر منشیات فروخت کرنے کی سازش کے الزامات کا سامنا ہے۔

امریکی محکمۂ انصاف نے ایما پر اپنے شوہر کو جیل سے فرار کرانے کا منصوبہ بنانے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔

ایما کورنیل کو واشنگٹن کی وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا جن کے پاس میکسیکو کے ساتھ ساتھ امریکہ کی بھی شہریت ہے۔

واضح رہے کہ ایل چیپو اس وقت امریکہ کی ایک جیل میں قید ہیں۔ وہ میکسیکو میں دو بار گرفتار ہوئے تھے لیکن دونوں بار انتہائی ڈرامائی انداز میں جیل سے فرار ہونے میں کامیاب رہے تھے۔

البتہ 2017 میں اُنہیں گرفتار کر کے امریکہ منتقل کر دیا گیا تھا جہاں وہ عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

'اے پی' کے مطابق ایما کرونیل کے وکیل نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کا بیان نہیں دیا۔

سرکاری وکلا کے مطابق "میکسیکو کے منشیات فروشوں کے سب سے طاقتور سرغنہ ایل چیپو گزمین نے ایک کارٹل (گروہ) کی قیادت کرتے ہوئے 25 برس کے دوران کوکین اور دیگر نشہ آور اشیا بڑی مقدار میں امریکہ اسمگل کی ہیں۔"

ایل چیپو میکسیکو میں دو بار جیل سے کامیابی سے فرار ہوئے تھے۔
ایل چیپو میکسیکو میں دو بار جیل سے کامیابی سے فرار ہوئے تھے۔

وکلا کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات کے مطابق ایل چیپو کے ماتحت کرائے کے قاتلوں کا ایک جتھہ موجود تھا جو ان کے راستے میں آنے والے کسی بھی شخص کو قتل کر دیتے تھے۔

میکسیکو میں ایل چیپو کے جیل سے فرار کے بعد کئی سوالات نے جنم لیا تھا کہ آیا ملک کا نظام قانون اس قدر اہلیت رکھتا کہ منشیات فروشوں کے اس سرغنہ کے خلاف کارراوئی کی جا سکے؟

سرکاری وکلا کے مطابق ایل چیپو کے جیل سے فرار کا ایک واقعہ ایسا ہے جس میں زیرِ زمین سرنگ بنائی گئی جس میں اُنہیں موٹرسائیکل کے ذریعے فرار کرایا گیا تھا۔

سرکاری وکلا کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ایما کرونیل نے ایل چیپو کے بیٹوں کے ہمراہ بنایا تھا تاکہ ان کی امریکہ حوالگی کو ناکام بنایا جا سکے۔

اس منصوبے کے لیے جیل کے قریب زمین خریدی گئی۔ جب کہ اسلحہ اور ایک ٹرک بھی خریدا گیا تھا۔

ایما کورنیل عدالتی کارروائی میں باقاعدگی سے جیل میں پیش ہوتی تھیں۔
ایما کورنیل عدالتی کارروائی میں باقاعدگی سے جیل میں پیش ہوتی تھیں۔

ایما کرونیل کسی زمانے میں ملکہ حسن کے مقابلوں میں شریک ہوتی رہی ہیں۔ ایل چیپو کے خلاف عدالتی کارروائی میں وہ ہمیشہ شریک ہوتی تھیں۔ وہ اس وقت بھی عدالت میں موجود تھیں جب ان کے خلاف جیل سے فرار کے منصوبے کے الزامات عدالت میں سامنے آئے تھے۔

ایما کورنیل اور ایل چیپو کی عمر میں 30 سال سے زائد کا فرق ہے۔ البتہ وہ دونوں 2007 سے ایک ساتھ ہیں اور 2011 میں ان کی جڑواں بیٹیاں ہوئی تھیں۔

ایما کے والد بھی 2013 میں ریاست ایریزونا میں ایک گودام میں منشیات کی بڑی مقدار کے ساتھ گرفتار ہوئے تھے۔ امریکہ کے محکمۂ خزانہ نے ایما کے والد پر مالی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

XS
SM
MD
LG