رسائی کے لنکس

بھارت: دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم تکمیل کے قریب


سردار پٹیل اسٹیڈیم احمد آباد
سردار پٹیل اسٹیڈیم احمد آباد

بھارت کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑا کرکٹ گراؤنڈ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اسٹیڈیم میں ایک لاکھ دس ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ اس کی تعمیر پر 100 ملین ڈالر لاگت آئی ہے۔

احمد آباد کا یہ اسٹیڈیم سردار پٹیل کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ یہ گراؤنڈ آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کو پیچھے چھوڑ دے گا جہاں ایک لاکھ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

حکام کے مطابق اگلے سال کے آغاز میں یہاں پہلا بین الاقوامی میچ کھیلے جانے کا امکان ہے۔

بھارت کے کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ وہ جنوری 2020 میں ایشیا اور ورلڈ الیون کے درمیان نمائشی میچ کے انعقاد سے اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اسٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز جنوری 2017 میں کیا گیا تھا۔ اسٹیڈیم میں 70 کارپوریٹ باکس، چار ڈریسنگ روم اور اولمپک سائز کا سوئمنگ پول بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

بھارت میں اس وقت کولکتہ کا ایڈن پارک اسٹیڈیم ملک کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے۔ جہاں گزشتہ عرصے میں تبدیلیوں کے بعد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ایک لاکھ سے گھٹ کر 66 ہزار ہو گئی تھی۔

اس اسٹیڈیم میں تین پریکٹس گراؤنڈز اور ایک ان ڈور کرکٹ اکیڈمی بھی تعمیر کی گئی ہے۔

اس سے قبل احمد آباد میں موجود سردار پٹیل کرکٹ گراؤنڈ میں 50 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔

بھارت کے کرکٹ بورڈ کا شمار دنیا کے امیر ترین کرکٹ بورڈز میں کیا جاتا ہے۔ بھارت بھر میں 12 ایسے بڑے گراؤنڈز ہیں جہاں بین الاقوامی میچز ہوتے ہیں۔ جن میں دہلی، ممبئی، ناگپور، موہالی، بنگلور، چنائی، حیدر آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم شامل ہیں۔

بھارت کی کرکٹ ٹیم اس وقت عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی اس کا شمار صف اول کی ٹیموں میں کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG