رسائی کے لنکس

’یہ جوانی ہے دیوانی‘ سو کروڑ کا بزنس کر سکے گی؟


فلم ”یہ جوانی ہے دیوانی“ پر سب کی نظریں جمی ہیں کہ شاید رنبیر ہی باکس آفس پر چھائی مایوسی کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔

سال 2012ء جاتے جاتے بھی بالی وڈ کو سو کروڑ کا بزنس کرنے والی کئی فلمیں دے کر گیا جس سے آنے والے سال کے لئے امیدیں مزید بڑھ گئی تھیں لیکن نیا سال 2013ء شروعات سے ہی باکس آفس کے لئے’ٹھنڈا‘ چل رہا ہے۔

ساجد خان کی ری میک فلم ”ہمت والا“ سے سب کو توقع تھی کہ یہ سال 2013ء کی پہلی سوکروڑ (ایک ارب ) روپے کمانے والی فلم ثابت ہو گی لیکن ایسا نہ ہوسکا اور فلم اوسط درجے کا کاروبار ہی کرسکی۔

رنبیر کپور ’برفی‘ ہٹ ہونے کے بعدکامیابی کے گھوڑے پر سوار، شہرت اور اسٹارڈم کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ ان کی آنے والی فلم ”یہ جوانی ہے دیوانی“ پر سب کی نظریں جمی ہیں کہ شاید رنبیر ہی باکس آفس پر چھائی مایوسی کو ختم کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔

بھارتی ویب سائٹ ’گلیم شیم‘ کے مطابق کرن جوہر کے پروڈکشن ہاوٴس’ دھرما پروڈکشنز‘ اور آیان مکھرجی کی ڈائریکشن میں بنی ”یہ جوانی ہے دیوانی“ کا گانا ’بدتمیزدل‘ ریلیز ہوتے ہی ہٹ ہوگیا ہے اور ’فلمی پنڈت‘ اور ٹریڈ سے وابستہ افراد آج کل فلم کی کامیابی کے بارے میں بہت سی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔

فلم کے ہٹ ہونے کے ’چانسز‘ یوں بھی کچھ زیادہ ہیں کہ رنبیر کپور اپنی سابقہ گرل فرینڈ دپیکا پڈو کون کے ساتھ کولو، منالی اور جلوری پاس کے خوبصورت نظاروں کے درمیان رومینس کرتے دکھائی دیں گے جو نوجوانوں کو سینما گھروں تک لانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کا میوزک دیا ہے پریتم نے۔” بدتمیزدل “ کے علاوہ اسی فلم کا ایک اور گانا ’ بلم پچکاری ‘ بھی میوزک چارٹس میں ٹاپ نمبرز پر آ رہا ہے۔

فلم میں موجود ’کمرشل مصالحے‘ کو دیکھ کر لگتا ہے ایک اور ہٹ فلم رنبیر کپور کے نام ہونے والی ہے۔۔ لیکن پھر بھی یاد رہے کہ باکس آفس اور فلم بینوں کے موڈ کے بارے میں پیش گوئی کرنا آسان نہیں۔ اب فیصلہ فلم کی ریلیز کے بعد ہی سامنے آئے گا اور ریلیز کے لئے آپ کو اگلے مہینے کی 31 تاریخ تک انتظارکرنا ہوگا۔
XS
SM
MD
LG