رسائی کے لنکس

'سیکریٹ سپر اسٹار' زائرہ وسیم نے بالی وڈ کو خیرباد کہہ دیا


بالی وڈ کی سیکرٹ سپر اسٹار زائرہ وسیم نے چھوٹی عمر میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے فلم نگری کو خیرباد کہنے کا اعلان کرکے ہلچل مچا دی۔

سوشل میڈیا پر زائرہ وسیم کے فیصلے پر نئی بحث چھڑ گئی۔ کچھ نے زائرہ کی حمایت کی تو کچھ مخالف دکھائی دیے۔

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی دو میگاہٹ فلموں میں 'سیکرٹ سپر اسٹار' اور 'دنگل' میں اہم کردار ادا کرکے راتوں رات اسٹار بن کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اٹھارہ سالہ زائرہ وسیم نے سوشل میڈیا پر فلم نگری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بالی وڈ میں میرے پانچ سال مکمل ہوئے اور میں اعتراف کرنا چاہتی ہوں کہ میں اپنے کام سے ملنے والی شناخت سے خوش نہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجھے لگتا تھا شاید میں اس انڈسٹری میں اچھی طرح فٹ ہوجاؤں مگر میں یہاں سے تعلق نہیں رکھتی۔ فلم انڈسٹری نے مجھے بہت محبت، تعاون اور تعریف دی مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ مجھے لاعلمی کے راستے پر لے گئی۔ میں خاموشی اور لاشعوری طور پر ایمان سے باہر نکلنے لگی۔

بقول ان کے، ’’میں اپنے خیالات اور وجدان سے مفاہمت کے لیے اپنی روح سے جنگ کر رہی تھی تاکہ اپنے ایمان کا تصور مستحکم کر سکوں مگر میں بری طرح ناکام ہوئی۔ ایسا ایک بار نہیں بلکہ سو بار ہوا۔ میں ایسے ماحول میں کام کرتی رہی جو مسلسل میرے ایمان میں مداخلت کرتا رہا، جس سے میرا مذہب سے تعلق خطرے میں پڑگیا۔ میرا کرئیر میرے مذہبی عقائد پر اثر انداز ہو رہا تھا‘‘۔

زائرہ وسیم کے فیصلے پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ویٹرن اداکارہ روینہ ٹنڈن نے کہا ہے کہ دو فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ کے فلم انڈسٹری سے جانے سے فرق نہیں پڑتا۔ وہ ناشکری ہیں۔ اپنے تنگ نظرخیالات اپنے پاس رکھیں۔

فلم 'دنگل' کے ڈائریکٹر نتیش تیواڑی کا کہنا تھا کہ زائرہ کا فیصلہ غیر متوقع اور شاکنگ ہے۔ لیکن وہ اپنی زندگی اپنے طریقے سے گزارنے کا حق رکھتی ہیں۔

فلمسٹار سدھارتھ ملہوترا نے زائرہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قوم پرست تنظیم شیوسینا کا کہنا ہے کہ زائرہ کو فلم انڈسٹری میں کام نہیں مل رہا تھا اس لئے یہ فیصلہ کیا۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا تھا زائرہ کی اپنی زندگی ہے وہ جو چاہئیں کریں ہم انگلی اٹھانے والے کون ہوتے ہیں۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والی زائرہ وسیم نے2016 میں عامر خان کی فلم 'دنگل' سے بالی وڈ میں قدم رکھا جس میں عمدہ اداکاری پر انہیں نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ زائرہ کی دوسری فلم 'سیکرٹ سپراسٹار' بھی عامرخان کے ساتھ تھی۔

دو ہزار سترہ میں ایک انٹرویو میں زائرہ وسیم نے کہا تھا کہ انہیں پتا نہیں وہ مستقبل میں اداکاری جاری رکھ پائیں گی یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG