رسائی کے لنکس

ٹوکیو اولمپکس: ایتھلیٹس کے قرنطینہ کے لیے 300 کمروں پر مشتمل ہوٹل بک کرنے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے رواں سال جولائی میں شیڈول کھیلوں کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس کو کرونا سے پاک رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

منتظمین نے کرونا مثبت آنے کی صورت میں ایتھلیٹس اور دیگر افراد کے قرنطینہ کے لیے 300 کمروں پر مشتمل ہوٹل بک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں ان کھلاڑیوں کو 10 روز تک قیام کرنا پڑے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہوٹل اولمپک ویلج سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر حاصل کیا جائے گا اور اس کے حصول پر لاکھوں ڈالرز لاگت آئے گی۔

جاپان کے خبررساں ادارے 'کیوڈو' کے مطابق ان کمروں میں ان متاثرہ کھلاڑیوں اور شرکا کو رکھا جائے گا جن میں کرونا کی معمولی علامات معمولی ہوں گی یا جن کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئیں گے اور انہیں اسپتال داخل کرانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد گزشتہ برس ہونا تھا تاہم کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث انہیں ملتوی کردیا گیا تھا۔ اب یہ مقابلے 23 جولائی سے آٹھ اگست تک ہوں گے۔

وبا کے باعث اس سال ٹوکیو اولمپکس میں غیرملکی شائقین کے آنے پر پہلے ہی پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

ہوٹل میں آئسو لیٹ ہونے والے ایتھلیٹس کے ہر چار روز بعد کرونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

ادھر جاپانی حکومت نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پیر سے نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ہوٹلز، بارز اور دیگر کاروبار کے اوقاتِ کار محدود کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG