رسائی کے لنکس

پاکستان کی برتری 538 رنز، آسٹریلیا ایک وکٹ پر 47 رنز


مچیل مارش
مچیل مارش

ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم نے 47رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا، ایرون فنچ 24 اور نائٹ واچ میچ ٹریوس ہیڈ 17 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

میچ میں ابھی دو دن کا کھیل باقی ہے، آسٹریلیا کو جیت کے لئے مزید 491 رنز بنانا ہیں جبکہ پاکستان کو فتح کے لئے 9 وکٹیں درکار ہیں۔

اس سے قبل پاکستان نے 400 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرکے آسٹریلیا کے لئے مجموعی طور پر 538 رنز کا ہدف مقرر کیا تھا۔

عثمان خواجہ کی جگہ شان مارش نے ایرون فنچ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ لیکن وہ صرف 4 رنز بناکر میر حمزہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ حمزہ کی پہلی وکٹ ہے۔

ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے 144 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اننگز آگے بڑھائی تو اظہرعلی 54 اور حارث سہیل 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ لیکن حارث سہیل ذاتی اسکور میں کچھ بھی اضافہ کئے بغیر لایون کی گیند پر وکٹ کیپر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

نئے بیٹسمین اسد شفیق بیٹنگ کے لئے میدان اُترے۔ لیکن، ابھی اسکور میں صرف چھ رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ اظہر علی رنز لینے کے دوران غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آؤٹ ہوگئے۔ ایک اچھا شاٹ کھیل کر رنز کے لئے دوڑنے کے بجائے وکٹ کے درمیان اسد شفیق کے ساتھ گفتگو میں یہ سوچ کر مصروف ہوگئے کہ بال باؤنڈری لائن کراس کرجائے گی۔ لیکن سلو آؤٹ فیلڈ ہونے کی وجہ سے گیند رک گئی، فیلڈر نے پھرتی دکھاتے ہوئے وکٹ کیپر ٹم پین کی جانب تھرو کی اور پین نے آسانی سے رن آؤٹ کردیا۔

بابر اعظم نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 75 رنز بنائے لیکن اسد شفیق 44 رنز بناکر بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

نئے بیٹسمین سرفراز احمد نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی شاندار بیٹنگ اور آسٹریلوی بولرز کا جم کر سامنا کیا اور خاص طور پر اسپنر کے خلاف کئی دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے بابر اعظم کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لئے 133رنز جوڑے اور مجموعی اسکور 368رنز تک پہنچا دیا۔

بابر اعظم نے پہلی اننگز کے برعکس دوسری اننگز میں پر اعتماد بیٹنگ کی اور ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ لیکن، وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 99 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھےاور صرف ایک رن کی کمی سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری سے محروم رہ گئے۔

بلال آصف اور یاسر شاہ سرفراز کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکے اور بالترتیب 14 اور 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، سرفراز احمد بھی 81رنز کی اننگز کھیل کر لبوشانے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان کا اسکور9 وکٹوں کے نقصان پر 400رنز ہوا تو کپتان سرفراز احمد نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا۔ یوں آسٹریلیا کے خلاف مجموعی طور پر 538رنز کی برتری حاصل کرلی۔

XS
SM
MD
LG