رسائی کے لنکس

​دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ، ابوظہبی ٹیسٹ نیوزی لینڈ کے نام


ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے میچ کی ایک جھلک
ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے میچ کی ایک جھلک

ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹسمینوں کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ اور کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کیوی بولر اعجاز پٹیل کی میچ وننگ پرفارمنس کے باعث نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 4 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔

اعجاز پٹیل نے پہلے ہی ٹیسٹ میں 5 وکٹیں لیں، شاندار پرفارمنس پر اُنہیں میچ آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ٹیسٹ کے چوتھے روز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتداء ہی میں دھچکا لگا اور اسکور میں صرف تین رنز کے اضافے پر امام الحق 27 رنز بناکر اعجاز پٹیل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اگلے ہی اوور میں حفیظ سودھی نے پویلین کی راہ دکھائی، حفیظ صرف 10 رنز بنا سکے۔

نئے آنے والے بیٹسمین حارث سہیل کو بھی سودھی نے آؤٹ کیا، وہ 4 رنز بنا سکے۔

یکے بعد دیگر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے کیوی ٹیم کے حوصلے بلند ہوگئے۔ اسی موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ اگر اسی طرح کیوی بولرز وکٹیں لیتے رہے تو پاکستان کے لئے جیت کا حصول مشکل ہوجائے گا، لیکن اسد شفیق اور اظہر علی نے ناصرف وکٹ پر قیام کیا بلکہ اسکور میں بھی اضافہ کرتے رہے۔

دونوں بیٹسمینوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 82 قیمتی رنز جوڑ کر اسکور 130 تک پہنچادیا لیکن کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل اسد شفیق ویگنر کی گیند پر وکٹ کیپر ویٹلنگ کو کیچ دے بیٹھے۔

اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اعجاز پٹیل نے اسپن بولنگ کا جادو جگایا اور کیوی ٹیم کے لئے وہی پرفارمنس دی جو دوسری اننگز میں پاکستان کی طرف سےیاسر شاہ نے دی۔

اعجاز پٹیل لگاتار تین اوورز میں پہلے بابر اعظم کو 13، پھر کپتان سرفراز احمد کو 3 اور اُس کے بعد بلال آصف کو صفر پر آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔

ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے کے بعد پاکستان کی تمام تر امیدیں اظہر علی سے وابستہ تھیں لیکن ٹیل اینڈرز میں کوئی بھی اُن کا ساتھ دینے کو تیار نہ تھا،

حسن علی نے چھکا لگانے کی کوشش میں اونچا شاٹ کھیلا جسے ساؤدھی نے بغیر کوئی غلطی کئے کیچ کرلیا، یہ اعجاز پٹیل کی چوتھی وکٹ تھی۔

آخری وکٹ کے اسٹینڈ میں محمد عباس نے اظہر علی کا بھرپور ساتھ دیا لیکن اظہر علی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکے اور 65 رنز کی اننگز کھیل کر اعجاز پٹیل کا شکار بن گئے۔

یوں نیوزی لینڈ نے میچ صرف 4 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

رنز کے اعتبار سے یہ پاکستان کی سب سے کم فرق سے شکست ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے 5 جبکہ سودھی اور ویگنرنے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

آخری اسکور یہ رہا۔ نیوزی لینڈ 153 اور 249 رنز۔ پاکستان 227 اور 171 رنز

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 24 نومبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG