آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ تاہم تین میچز کی سیریز 1-2 سے میزبان انگلینڈ کے نام رہی۔
ساؤتھمپٹن میں دونوں ٹیمیں تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدِ مقابل آئیں تو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
میزبان انگلش ٹیم نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے ہدف تین گیندیں قبل حاصل کیا۔
اس طرح ساؤتھمپٹن میں کھیلا جانے والا میچ آسٹریلیا کے نام رہا لیکن انگلش ٹیم پہلے ہی دو میچز میں کامیابی حاصل کر کے سیریز اپنے نام کر چکی تھی۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے 39 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور دو چوکے بھی شامل تھے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے میتھیو ویڈ، 14، کپتان ایرون فنچ 39، مارکس اسٹونس 26، گلین میکسویل چھ اور اسٹیون اسمتھ تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مارک وڈ اور ٹام کران نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کی تو اس کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف چار کے مجموعی اسکور پر اوپننگ بلے باز ٹام بینٹن دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
وکٹ کیپر بلے باز جونی بیرسٹو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 55 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور تین چوکے بھی شامل تھے۔ اسی طرح ڈیوڈ ملان 21، کپتان معین علی 23، سیم بلنگ اور کرس جورڈن چار چار رنز بنا سکے۔
میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر آسٹریلوی بلے باز مچل مارش کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ سیریز میں عمدہ کارکردگی پر انگلش بلے باز جوز بٹلر 'مین آف دی سیریز' قرار پائے۔