رسائی کے لنکس

آسٹریلیا نے ایشز سیریز چار صفر سے جیت لی


ایشز سیریز میں آسٹریلوی بالرز چھائے رہے۔ پیٹ کومنز نے 23، مچل اسٹارک نے 22 جبکہ ہیزل ووڈ اور لایون نے 21، 21 وکٹیں حاصل کیں۔

سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو اننگز اور 123 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر ایشز سیریز چار ۔ صفر سے اپنے نام کرلی ہے۔

پیٹ کومنز کو مین آف دی میچ جبکہ کپتان اسمتھ کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

پیر کو سڈنی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز انگلینڈ کو شکست سے بچنے کے لیے ہر صورت دن گزارنا تھا جب کہ آسٹریلیا کو جیت کے لیے مخالف ٹیم کی 6 وکٹیں درکار تھیں۔

انگلینڈ نے 93 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو اُسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 210 رنز کی ضرورت تھی۔ لیکن پوری ٹیم اسکور میں صرف 87 رنز کے اضافے کے بعد 180 پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

جوروٹ طبیعت کی خرابی کے باعث دن کے آغاز میں بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔ لیکن معین علی کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد وہ میدان میں اترے اور نصف سنچری اسکور کی۔

تاہم ایک بار پھر طبیعت خراب ہونے کے باعث وہ لنچ کے بعد بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔

کپتان جو روٹ 58 (ریٹائرڈ ہرٹ) اور بیرسٹو 38 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ چار بیٹسمین ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کومنز سب سے کامیاب بالر رہے اور دونوں اننگز میں چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔ لایون نے تین جبکہ مچل اسٹارک اور ہیزل ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آخری اسکور یہ رہا: انگلینڈ 346 اور 180 رنز، آسٹریلیا 649 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔

ایشز سیریز میں آسٹریلوی بالرز چھائے رہے۔ پیٹ کومنز نے 23، مچل اسٹارک نے 22 جبکہ ہیزل ووڈ اور لایون نے 21، 21 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں اور دوسرے ٹیسٹ میں 120 رنز سے شکست دی تھی۔ تیسرا ٹیسٹ بے نتیجہ رہا جبکہ چوتھے ٹیسٹ میں اننگز اور 41رنز سے شکست انگلینڈ کا مقدر بنی۔

XS
SM
MD
LG